18 ویں ترمیم میں تبدیلی لائی جاسکتی ہے فواد چوہدری

18ویں ترمیم کے ذریعے آئین میں 100 ترامیم کی گئیں، ترمیم میں کئی چیزیں اچھی اور کئی بری بھی ہیں، وزیر اطلاعات


ویب ڈیسک December 08, 2018
پاکستان کےاقتصادی مسائل حل کی جانب بڑھ رہے ہیں، وزیر اطلاعات (فوٹو: فائل)

KARACHI: وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ضرورت پڑنے پر 18 ویں ترمیم میں تبدیلی لائی جاسکتی ہے جس کے لیے سیاسی جماعتوں کا متحد ہونا ضروری ہے۔

لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے 100 دن میں نئے پاکستان کی بنیادرکھ دی ہے، پی ٹی آئی حکومت کا معاشی چارٹ بڑا واضح ہے، پاکستان کے اقتصادی مسائل حل کی جانب بڑھ رہے ہیں، پنجاب میں بند ہونے والی ٹیکسٹائل ملز دوبارہ فعال ہوں گی۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ کے تدارک کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، پہلی بار ہم نے متشدد گروہوں پر ہاتھ ڈالا، خطے میں امن ہوگا توغربت کے خاتمے میں مدد ملے گی، پاکستان میں امن ہونے کے بعد اب امریکی اور برطانوی کمپنیاں، یواے ای اور سعودی عرب پاکستان میں سرمایہ کاری کررہی ہیں، پاکستانیوں کو نوکری کے لیے دوسرے ممالک جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے ذریعے آئین میں 100 ترامیم کی گئیں، ترمیم میں کئی چیزیں اچھی اور کئی بری بھی ہیں، ضرورت پڑنے پر 18 ویں ترمیم میں تبدیلی لائی جاسکتی ہے تاہم جب تک پی ٹی آئی ، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی اکٹھے نہیں ہوتے اس وقت تک آئینی ترامیم نہیں ہوسکتیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔