حکومت سندھ نے تجاوزات آپریشن کیخلاف سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹا دیا

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 8 دسمبر 2018
سپریم کورٹ حکم تجاوزات کے خلاف کارروائی کے حکم پرنظرثانی کرے،سماعت اگلے منگل ہونے کا امکان ہے۔ فوٹو: فائل

سپریم کورٹ حکم تجاوزات کے خلاف کارروائی کے حکم پرنظرثانی کرے،سماعت اگلے منگل ہونے کا امکان ہے۔ فوٹو: فائل

 کراچی:  کراچی میں تجاوزات کے خلاف کارروائی پر سندھ حکومت حرکت میں آگئی، پہلے سپریم کورٹ میں نظر ثانی درخواست دائر کی اور کچھ دیر بعد تجاوزات کے خلاف کارروائی پر نظر ثانی کی فوری سماعت کی درخواست بھی دائر کردی۔

کراچی میں تجاوزات کے خلاف کارروائی میں نظر ثانی کے لیے سندھ حکومت نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی، سندھ حکومت نے اس معاملے پر کچھ دیر بعد فوری سماعت کے لیے نظر ثانی درخواست بھی سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں درخواست دائر کردی، فوری سماعت سے متعلق درخواست کی سماعت آئندہ ہفتے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں ہونے کا امکان ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق معاملے کی حساسیت کے پیش نظر سپریم کورٹ سے فوری سماعت کی درخواست کی گئی ہے، اگلے منگل کو چیف جسٹس کی سربراہی میں لارجر بینچ قبضوں  سے متعلق درخواست کی سماعت کر رہا ہے۔

سپریم کورٹ سے تجاوزات نظر ثانی کی درخواست بھی ساتھ سننے کی استدعا کی جائے گی اس سے پہلے سندھ حکومت نے درخواست ایڈووکیٹ جنرل سندھ سلمان طالب الدین کے توسط سے کراچی رجسٹری میں دائر کی۔

سندھ حکومت نے درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ حالیہ تجاوزات آپریشن سے انسانی المیہ جنم لے رہا ہے روز کی بنیاد پر کمانے والے بے روز گار ہورہے ہیں سندھ حکومت تجاوزات کے خاتمے کے لیے بہتر انداز میں کام کرنے کو تیار ہے لہٰذا سپریم کورٹ حالیہ تجاوزارت آپریشن کے حکم پر نظر ثانی کرے، تجاوزات آپریشن کے خلاف مہران ٹاؤن میں ہنگامے ہوئے، حالیہ تجاوزارت آپریشن کو بہتر انداز میں کرنے کی ضرورت ہے، تجاوزارت آپریشن کو مزید موثر بنانے کی ضرورت ہے، تجاوزات آپریشن سے قبل لوگوں کو متبادل روزگار یا رہائش فراہم کرنا ہوگا سندھ حکومت متاثرین کو متبادل دکان اور گھر دینے کا کام کررہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔