پاکستان سے اوے سیریز؛ کیویز کی فتوحات کا 49 سالہ قحط ختم ہوگیا

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 8 دسمبر 2018
یاسر شاہ ایک وکٹ کے فرق سے عبدالقادرکی 30وکٹوں کا ریکارڈ نہیں توڑ پائے۔ فوٹو: فائل

یاسر شاہ ایک وکٹ کے فرق سے عبدالقادرکی 30وکٹوں کا ریکارڈ نہیں توڑ پائے۔ فوٹو: فائل

 لاہور: کیویز نے  پاکستان کیخلاف ایشیا میں سیریز فتوحات کا 49سالہ قحط ختم کردیا۔

نیوزی لینڈ نے اپنے ملک سے باہر پاکستان ٹیم کو آخری بار1-0سے 1969/70کی سیریز میں شکست دی تھی،گزشتہ روز فتوحات کا یہ طویل قحط ختم ہوگیا،کیویز نے 34سال بعد ایشیا میں کوئی سیریز جیتی ہے، 1984میں سری لنکا کو ہرانے کے بعد 18سیریز میں ایسا کوئی موقع نہیں آیا، مصباح الحق اور یونس خان کے بعد گرین کیپس کو یواے ای میں دوسری سیریز میں شکست ہوئی جب کہ گزشتہ سال سرفراز احمد کی قیادت میں سری لنکا نے مات دی تھی۔

دونوں سینئرز کی موجودگی میں پاکستان نے 24میں سے 4ٹیسٹ ہارے جبکہ گزشتہ 15ماہ میں اتنی ہی ناکامیوں کا منہ دیکھ لیا ہے،100سے 300کے درمیان ہدف کا تعاقب کرنے میں پاکستان نے 18میچز میں سے  10ویں بار شکست کھائی،اس ضمن میں کسی اور ٹیم کا ریکارڈ اتنا خراب نہیں، یاسر شاہ 2015کے بعد سب سے زیادہ 5مین آف دی سیریز حاصل کرنے والے کرکٹر بن گئے ہیں۔

اس عرصے میں روی چندرن ایشون نے 4بار یہ اعزاز اپنے نام کیا ہے،یاسر شاہ ایک وکٹ کے فرق سے عبدالقادر کا 3ٹیسٹ میچز کی سیریز میں  زیادہ وکٹوں کا ریکارڈ نہیں توڑ پائے،انھوں نے نیوزی لینڈ کے29 پلیئرز کا شکار کیا، عبدالقادر نے 1987میں انگلینڈکیخلاف 30 وکٹیں لی تھیں۔

سمر ویلی ڈیبیو ٹیسٹ میں بہترین بولنگ کرنے والے کیویز کے فہرست میں تیسرے نمبر پر آگئے ہیں، اسپنر نے 127رنز دیکر 7شکار  کیے، اعجاز پٹیل نے اسی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں 123رنز دے کر اتنی ہی وکٹیں حاصل کی تھیں، میک کریگ ویسٹ انڈیز کی8وکٹوں کے ساتھ سرفہرست ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔