چیف جسٹس ثاقب نثار کا 12 دسمبر کو تھر کے دورے کا اعلان

خبر ایجنسیاں  ہفتہ 8 دسمبر 2018
صرف اچھے علاقے نہ دکھائے جائیں، وہ علاقے بھی دکھائیں جہاں غربت اور مسائل ہیں۔ فوٹو: فائل

صرف اچھے علاقے نہ دکھائے جائیں، وہ علاقے بھی دکھائیں جہاں غربت اور مسائل ہیں۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد:  چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے 12 دسمبر کو تھر کا دورہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے سندھ حکومت کو انتظامات کرنے کی ہدایت کردی۔

چیف جسٹس کی سربراہی میں جسٹس فیصل عرب اورجسٹس اعجازالاحسن پرمشتمل تین رکنی بنچ نے تھر میں بچوں کی اموات سے متعلق کیس کی سماعت کی، سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس نے کہا کہ میں 12 دسمبر کو تھر جا رہا ہوں، حکومت سندھ انتظامات کرے، تھر میں نومولود بچے ہلاک ہو رہے ہیں، وہاں پانی کی فراہمی اور دستیابی کے بھی مسائل ہیں، صرف اچھے علاقے نہ دکھائیں، مجھے وہ علاقے بھی دکھائیں جہاں غربت اور مسائل ہیں، تھرمیں پانی اورخوراک کے مسائل تشویشناک ہیں۔

ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے عدالت عظمیٰ کو بتایا کہ گزشتہ سماعت پر عدالت نے سیشن جج سے رپورٹ مانگی تھی، متاثرہ افراد میں خوراک کی تقسیم کر دی گئی ہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ 12 دسمبر کو تھر جا کر خود اس معاملے کو دیکھیں گے وہاں بھی ہمارے بچے ہیں ،  پھر معاملے کو سننا بہتر ہوگا، ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے جواب دیا کہ جب تک آپ آئیں گے حالات بہتر ہو چکے ہوں گے، اس موقع پر جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ تھر میں ڈاکٹروں کو کیا اضافی مراعات دے رہے ہیں؟

ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے عدالت عظمیٰ کو بتایا کہ گریڈ ون سے 11 تک کے ملازمین کو 10 ہزار اضافی، گریڈ 12 سے 16 تک کے ملازمین کو 17 ہزار اضافی، گریڈ 17 کے ملازمین کو 90 ہزار جبکہ گریڈ 18 سے اوپر 1 لاکھ 40 ہزار اضافی دے رہے ہیں۔

سماعت کے دوران رکن اسمبلی رمیش کمار وں کوانی نے کہا کہ وزیراعظم ہاؤسنگ سکیم کو تھر میں لایا جانا چاہیے، مٹھی میں زچہ و بچہ کے لیے ڈاکٹرز نہیں ہیں جبکہ تھر میں جانوروں کے ڈاکٹروں کی بھی ضرورت ہے جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اپنی آنکھوں سے اصل صورتحال دیکھنے کے بعد اس معاملے کو سنیں گے۔

عدالتی معاون فیصل صدیقی نے کہا کہ تھر میں احتساب اور نگرانی کے موثر نظام کی ضرورت ہے لہذا ایک عدالتی کمیشن مقرر کر دیا جائے،  تھر میں بنک قرضوں کا بہت بڑا معاملہ ہے اور قرضوں کی ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے لوگ خودکشیاں کر رہے ہیں جس پر نمائندہ سٹیٹ بنک نے عدالت کو آگاہ کیا کہ کسانوں کے قرضے کو ری شیڈول کر رہے ہیں جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں کمیشن بنا دیں گے، بعدازاں کیس کی سماعت 13 جنوری تک ملتوی کردی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔