اینٹی کرپشن ڈے پر 50 روپے کا یادگاری سکّہ جاری کیا جائے گا

بزنس رپورٹر  ہفتہ 8 دسمبر 2018
تانبے و نکل سے بنا سکہ، 10 دسمبر کو جاری، پچھلی جانب ’انٹرنیشنل اینٹی کرپشن ڈے‘ لکھا ہو گا۔ فوٹو: فائل

تانبے و نکل سے بنا سکہ، 10 دسمبر کو جاری، پچھلی جانب ’انٹرنیشنل اینٹی کرپشن ڈے‘ لکھا ہو گا۔ فوٹو: فائل

 کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے اینٹی کرپشن ڈے پر 50 روپے کا یادگاری سکّہ جاری کیا جائے گا۔

وفاقی حکومت نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو بین الاقوامی اینٹی کرپشن ڈے پر 50 روپے کا یادگاری سکّہ جاری کرنے کا اختیار دیا ہے۔ یہ سکّے 10 دسمبر 2018 سے ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے تمام فیلڈ دفاتر کے ایکسچینج کاؤنٹرز سے جاری کیے جائیں گے۔

سکّہ تانبے اور نکل سے بنا ہے، جس میں تانبے کا تناسب 75 فیصد اور نکل کا 25 فیصد ہے۔ اس کا قطر 30 ملی میٹر اور وزن 13.5گرام ہے۔ سکے کے سامنے کے رخ پر بڑھتا ہوا ہلال اور پانچ نوکوں کا ابھرتا ہوا ستارہ ہے، اوپر کنارے کے ساتھ ساتھ اردو میں ’اسلامی جمہوریہ پاکستان‘ کندہ ہے۔ دائیں اور بائیں مالیت ’’50‘‘ اور اردو میں ’’روپیہ‘‘ لکھا ہے۔

سکے کے پچھلے رخ پر دائرے کی شکل میں بالائی طرف ’’انٹرنیشنل اینٹی کرپشن ڈے‘‘ اور زیریں جانب ’’9 دسمبر‘‘ انگریزی حروف میں کندہ ہے جبکہ پچھلے رخ کے وسط میں ’’ہمارا ایمان، کرپشن فری پاکستان‘‘ اردو حروف میں درج ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔