بھارت میں سارہ علی خان کی پہلی ہی فلم پر پابندی

ویب ڈیسک  ہفتہ 8 دسمبر 2018
فلم’کیدارناتھ‘پر اتراکھنڈ کے سات اضلاع میں پابندی عائد کی گئی ہے، فوٹوفائل

فلم’کیدارناتھ‘پر اتراکھنڈ کے سات اضلاع میں پابندی عائد کی گئی ہے، فوٹوفائل

نئی دلی: بالی ووڈ اداکارہ سارہ علی خان کی پہلی ہی فلم ’کیدارناتھ‘ پر بھارتی ریاست اترکھنڈ میں پابندی عائد کردی گئی۔

سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان کی پہلی بالی ووڈ فلم ’کیدارناتھ‘ ریلیز ہوگئی ہے لیکن اس کے ساتھ ہی فلم مشکل کا شکار بھی ہوگئی ہے۔ ہندو انتہا پسندوں نے فلم پر بھارتی ریاست اترکھنڈ کے سات اضلاع دیہرہ دون، ہریدوار، نینی تال، اودھم سنگھ نگر، پوری، تہری اور آلمورہ میں پابندی عائد کردی۔ ہندوانتہا پسندوں کا فلم کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہنا ہے کہ  فلم ’لوجہاد‘ کی تشہیر کا باعث بن رہی ہے لہٰذا امن کو قائم رکھنے کے لیے فلم پر پابندی لگائی جائے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ہندوانتہا پسندوں کی جانب سے فلم پر ملک بھرمیں پابندی عائد کرنے کے لیے اتراکھنڈ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی تاہم عدالت کی  جانب سے درخواست مسترد کردی گئی تھی۔

دوسری جانب فلم ’کیدارناتھ‘ گزشتہ روز ریلیز کردی گئی ہے، سارہ علی خان اپنی پہلی فلم کو لے کر بہت خوش اور پُرامید تھیں کہ ان کی فلم شائقین کو پسند آئے گی لیکن ہوا اس کے برعکس بھارتی تجزیہ نگار ترن آدرش نے فلم کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی اداکاری کو عامیانہ جب کہ سارہ علی خان کی اداکاری کو بہتر قرار دیا ہے۔ فلم ’کیدارناتھ‘ نے ریلیز کے پہلے روز سات کروڑ25 لاکھ کا بزنس کیا ہے۔

واضح رہے کہ فلم ’کیدارناتھ‘ کی کہانی ایک ہندو لڑکی اور مسلمان لڑکے کی محبت پر مبنی ہے فلم میں سارہ علی خان اورسشانت سنگھ راجپوت نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔