نکی ہیلی کی جگہ ہیدر نورٹ اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نامزد

ویب ڈیسک  ہفتہ 8 دسمبر 2018
ہیدر نورٹ اس سے قبل ترجمان وزارت خارجہ کی ذمہ داریاں نبھا رہی تھیں (فوٹو : فائل)

ہیدر نورٹ اس سے قبل ترجمان وزارت خارجہ کی ذمہ داریاں نبھا رہی تھیں (فوٹو : فائل)

 واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نکی ہیلی کی جگہ ہیدر نورٹ کو اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نامزد کردیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ٹوئٹ میں ہیدر نورٹ کی بطور امریکی سفیر نامزدگی سے آگاہ کرتے ہوئے لکھا کہ مجھے ہیدر کے نام کا اعلان کرتے ہوئے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے۔

صدر ٹرمپ نے مزید لکھا کہ ہیدر نورٹ نے امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان کی حیثیت اپنی ذمہ داریاں نہایت احسن طریقے سے ادا کیں جسے دیکھتے ہوئے انہیں اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نامزد کیا جا رہا ہے جس پر میں انہیں مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

ٹرمپ نے اقوام متحدہ میں امریکی سفیر کی ذمہ داریوں سے سبک دوش ہونے والی نکی ہیلی کے کام کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ نکی ہیلی نے ملک کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو میں بھی ہیدر نورٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت لائق، اسمارٹ اور ہوشیار ہیں اور اپنی صلاحیتوں کے باعث لوگوں کی توجہ اور ستائش حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گی۔

واضح رہے کہ نکی ہیلی نے اکتوبر میں اقوام متحدہ میں امریکی سفیر کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا، اُن کی مدت ملازمت اس ماہ ختم ہو رہی ہے، ہیدر نورٹ اپریل 2017ء سے وزارت خارجہ کی ترجمان کی حیثیت سے کام کررہی ہیں جب کہ اس سے قبل وہ فوکس نیوز سے وابستہ تھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔