ہاکی ورلڈ کپ؛ پاکستانی کھلاڑی عماد بٹ پر ایک میچ کی پابندی ختم

محمد یوسف انجم  ہفتہ 8 دسمبر 2018
ورلڈ کپ ہاکی میں عماد بٹ پر ملائیشیا کے کھلاڑی کو زخمی کرنے کی کوشش پر پابندی لگائی گئی تھی۔ فوٹو:فائل

ورلڈ کپ ہاکی میں عماد بٹ پر ملائیشیا کے کھلاڑی کو زخمی کرنے کی کوشش پر پابندی لگائی گئی تھی۔ فوٹو:فائل

بھونیشور: انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے پاکستانی ہاکی ٹیم انتظامیہ کی اپیل پر عماد کے خلاف ایک میچ کی پابندی کا فیصلہ واپس لے کر انہیں میچ میں شرکت کی اجازت دے دی ہے۔

ورلڈ کپ میں پاکستانی ہاکی ٹیم نے کل اپنا اہم میچ ہالینڈ کے خلاف کھیلنا ہے، جس میں نائب کپتان عماد شکیل بٹ بھی شرکت کرسکیں گے۔ ورلڈ کپ ہاکی میں عماد بٹ پر ملائیشیا کے کھلاڑی کو زخمی کرنے کی کوشش پر پابندی لگائی گئی تھی۔ دوسری جانب کپتان رضوان سینئر ان فٹ ہونے کی وجہ سے اس میچ میں حصہ نہیں لے سکیں گے، ان کی جگہ متبادل ٹیم میں شامل ہونے والے ارسلان قادر ایکشن میں نظر آئیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: قومی ہاکی ٹیم مشکلات کا شکار

پاکستانی ٹیم کے لیے یہ میچ بہت اہمیت کا حامل ہے، کامیابی کی صورت میں قومی ٹیم اگلے مرحلے میں رسائی پانے کے امکانات بڑھ جائیں گے، بصورت دیگر کم سے  کم مارجن سے ہار کے بعد ہی آگے جانے کا کوئی چانس ہوسکتا ہے۔

پہلے میچ میں پاکستانی ٹیم کو جرمنی نے ایک گول سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں ملائیشیا کے ساتھ میچ ایک ایک گول سے برابری پر ختم ہوا تھا۔ ٹیم انتظامیہ کے مطابق رضوان سینئر کے نہ ہونے سے نقصان ہوگا تاہم کوشش ہوگی کہ بہترین پرفارمنس دیں۔



ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔