حکومت کو 18 ویں ترمیم ختم نہیں کرنے دیں گے، مولا بخش چانڈیو

ویب ڈیسک  ہفتہ 8 دسمبر 2018
 حکومت صوبائی خود مختاری میں مداخلت نہیں کرسکتی، مولابخش چانڈیو، فوٹو: فائل

حکومت صوبائی خود مختاری میں مداخلت نہیں کرسکتی، مولابخش چانڈیو، فوٹو: فائل

حیدرآباد: پیپلزپارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ  تحریک انصاف 18 ویں ترمیم ختم کرنا چاہتی ہے لیکن ہم حکومت کو ایسا کرنے نہیں دیں گے۔

حیدرآباد پریس کلب میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ یہ کمال کی حکومت ہے جس کے سربراہ کو یہ نہیں پتہ کہ ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہو رہا ہے، سودن میں حکومت کچھ ایسا نہیں کرسکتی کہ بغلیں بجائی جائیں،انہوں نے دو آدمی چھوڑے ہیں جن کا لب و لہجہ سیاسی نہیں، خان صاحب خوش قسمت ہیں کہ اپوزیشن کہہ رہی ہے آپ کام کریں،ہم آپ کے ساتھ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں علاج وہی کرا سکتا ہے جو مالدار یا بااثر ہو، چیف جسٹس

مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ  عدلیہ کا نوٹس لے کر کام کرانے کا مطلب حکومت ناکام ہو چکی ہے، عمران خان قبل از وقت انتخابات کا کہہ کر آپ اپنی اورکابینہ کی ناکامی کا اعتراف کررہے ہیں کیونکہ وقت سے پہلے انتخابات غیر یقینی صورتحال اورحکومت ناکام ہونے پرہوتے ہیں۔

پی پی رہنما نے کہا کہ پی ٹی آئی اٹھارویں ترمیم ختم کرنا چاہتی ہےاور سندھ کا پانی بند کرنے کی بات کی گئی ہے تاہم پیپلزپارٹی ایسا نہیں ہونے دے گی، حکومت کو صوبہ کے حق حاکمیت کو قبول کرنا ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ نے این آر او، این آر او لگایا ہوا ہے، کس نے این آر او مانگا ہے، ہم کہہ رہے ہیں احتساب کریں وہ کہتے ہیں معافی مانگ رہے ہیں اگر احتساب انتقام ہے تو اس کا نتیجہ اچھا نہیں نکلے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔