20 سال سے روزانہ 12 گھنٹے تک پانی میں رہنے والی خاتون

ویب ڈیسک  اتوار 9 دسمبر 2018
خاتون جلدی امراض میں مبتلا ہیں اور پنڈت کی تجویز پر جھیل میں ڈوبی رہتی ہیں (فوٹو : فائل)

خاتون جلدی امراض میں مبتلا ہیں اور پنڈت کی تجویز پر جھیل میں ڈوبی رہتی ہیں (فوٹو : فائل)

مغربی بنگال: بھارت میں 65 سالہ ایک انوکھی خاتون بلا ناغہ طلوع آفتاب سے رات کی تاریکی پھیل جانے تک سارا وقت گھر کے نزدیک واقع جھیل میں گزارتی ہیں۔ 

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست بنگال کے ایک مغربی گاؤں کی رہائشی ضعیف خاتون عجیب و غریب بیماری میں مبتلا ہیں جس کے علاج کے لیے وہ روزانہ 12 سے 14 گھنٹے گردن تک جھیل میں ڈوبی رہتی ہیں۔

گزشتہ 20 برس سے یہ خاتون طلوع آفتاب کے وقت جھیل میں جا کر اس طرح بیٹھ جاتی ہیں کہ صرف گردن پانی کی سطح  سے باہر ہوتی ہے اور اسی حالت میں رات گئے تک بیٹھی رہتی ہیں۔

خاتون کو پیچیدہ قسم کی جلدی بیماری ہے جس کے باعث ان کا جسم سوزش کا شکار ہے اور جسم میں جگہ جگہ زخم لگ گئے ہیں جن میں شدید درد بھی ہوتا ہے اور اسی کے علاج کی غرض سے وہ روزانہ جھیل کا رخ کرتی ہیں۔

خاتون نہایت پسماندہ گاؤں کی رہائشی ہیں جہاں صحت کی سہولیات ناپید ہیں اور وہ شہر جا کر اپنا علاج کرانے کے اخراجات نہیں اُٹھا سکتیں۔ گاؤں کے ایک پجاری نے انہیں روزانہ جھیل میں بیٹھے رہنے کا مشورہ دیا تھا جس سے انہیں افاقہ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔