چڑیا گھر میں پوما کا نومولود بچہ عوام کی توجہ کا مرکز بن گیا

اسٹاف رپورٹر  بدھ 3 جولائی 2013
کراچی زولوجیکل گارڈن میں پوما کے نوزائیدہ بچے کو تفریح کیلیے آنے والے شہری دیکھ رہے ہیں چھوٹی تصویر پوما کے بچے کی ہے (فوٹو ایکسپریس)

کراچی زولوجیکل گارڈن میں پوما کے نوزائیدہ بچے کو تفریح کیلیے آنے والے شہری دیکھ رہے ہیں چھوٹی تصویر پوما کے بچے کی ہے (فوٹو ایکسپریس)

کراچی:  بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میٹروپولیٹن کمشنر متانت علی خان نے کراچی چڑیا گھر کا دورہ کرتے ہوئے گزشتہ دنوں پیدا ہونے والے مختلف جانوروں کے بچوں کے حوالے سے معلومات حاصل کیں اور پیدا ہونے والے جانوروں کے بچوں پر بھرپور توجہ دینے اور ان کی نگہداشت کے لیے تمام تر اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔

سینئر ڈائریکٹر کلچر اسپورٹس اینڈ ریکری ایشن شعیب وقار، ڈائریکٹر زو محمد فہیم خان اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے،سینئر ڈائریکٹر کلچر اسپورٹس اینڈ ریکری ایشن شعیب وقار نے میٹروپولیٹن کمشنر کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ یہ امر شہریوں کے لیے باعث مسرت ہے کہ پوما کی جوڑی نے بچے کو جنم دیا ہے اس وقت اس کی عمر 13 دن کی ہوچکی ہے اور اسے انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا ہے، تقریباً ایک ماہ کے بعد اسے شہریوں کے دیکھنے کے لیے اس کے لیے بنائے گئے پنجرہ میں منتقل کردیا جائے گا، پوما کا نومولود بچہ عوام کی توجہ کا مرکز بن گیا۔

فیلوہرن کے مختلف جوڑوں نے 7 بچوں کو جنم دیا ہے جو مکمل طور پر صحت مند ہیں اور مور کے انڈوں سے 25 عدد بچوں نے بھی جنم لیا ہے جن کی پرورش انتہائی توجہ کے ساتھ کی جا رہی ہے، میٹروپولیٹن کمشنر نے کہا کہ نئے مالی سال 2013-14کے دوران چڑیا گھر میں بے شمار ترقیاتی کام انجام دیے جائیں گے جن میں بیوٹیفیکیشن، سڑکوں کی مرمت، شہریوں کو بیٹھنے کیلیے سائے دار جگہیں، سی سی ٹی وی کیمرے، جانوروں کے پنجروں کی مرمت اور ان پر رنگ و روغن اور دیگر منصوبے شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔