نگلیریا سے بچاؤ پانی کے نمونوں کا تجزئی نجی لیبارٹری سے کرانے کا فیصلہ

اسٹاف رپورٹر  بدھ 3 جولائی 2013
مساجد کے پانی میں کلورین ملایا جائے،سوئمنگ پولز کا سروے ہوگا،1500 پانی کے نمونوں میں سے44 میں کلورین نہیں تھی، سیکریٹری صحت  فوٹو: فائل

مساجد کے پانی میں کلورین ملایا جائے،سوئمنگ پولز کا سروے ہوگا،1500 پانی کے نمونوں میں سے44 میں کلورین نہیں تھی، سیکریٹری صحت فوٹو: فائل

کراچی:  محکمہ صحت اور واٹربورڈکے حاصل کردہ پانی کے نمونوں کا تجزیہ (ٹیسٹ) پرائیویٹ لیبارٹری سے کرایا جائے گا اور علاقائی سطح پر تمام مساجدکی فہرست مرتب کی جائے گی۔

عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے نگلیریا اور ڈنگی وائرس سے آگاہی کیلیے2لاکھ پمفلٹس شائع کرائے جائیں گے،نیوکراچی اور لائنزایریا کے13پانی کے نمونوں میں کلورین موجود نہیں،یہ بات منگل کوصوبائی سیکریٹری صحت انعام اللہ دھاریجوکی سربراہی میں منعقدہ اجلاس میں بتائی گئی،اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ شہر کی مساجد کا سروے کیا جائے، نگلیریا اور ڈنگی سے بچاؤکی آگاہی مہم کیلیے 2 لاکھ پمفلٹس پوسٹر شائع کیے جائیں گے ان میں سے50 ہزارسندھی اور ڈیڑھ لاکھ پوسٹر اردو میں ہوں گے،کراچی کے تمام سوئمنگ پولز کے پانی کادوبارہ سروے کرایا جائے ۔

اجلاس میں ای ڈی او ہیلتھ نے بتایا کہ واٹربورڈ کی پانی کی تجزیاتی رپورٹس میں یہ بات سامنے آرہی ہے کہ پانی میں کلورین کی مطلوبہ مقدار شامل نہیں کی جارہی تاہم واٹربورڈ کے ایم ڈی فوکل گروپ کی تجزیاتی رپورٹس تسلیم نہیں کرتے جس پر سیکریٹری صحت نے کہاکہ پانی کے نمونوں کے تجزیے پرائیویٹ لیبارٹری سے بھی کرائے جائینگے۔

شہریوں کوکلورین کی گولیاں فراہم کی جائیں گی، عام شہریوں کو یہ گولیاں وضو کے پانی میں شامل کرنے کا طریقہ بھی بتایا جائے گا،واٹربورڈ کے فوکل گروپ کے حاصل کردہ پانی کے نمونوں میں ایسے علاقے جہاں کلورین کی مقدارعالمی ادارہ صحت کے طے کردہ معیار سے کم آرہی ہے۔

ان علاقوں سے3 دن کے اندردوبارہ پانی حاصل کرکے پرائیویٹ لیبارٹری سے ٹیسٹ کرایا جائے گا، اجلاس میں ڈنگی سے بچاؤ کی حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی سیکریٹری صحت نے واٹربورڈ حکام کو ایک مکتوب میں کہا ہے کہ نیوکراچی اورلائنزایریا کے13پانی کے نمونوں میں کلورین موجود نہیں جبکہ 10پانی کے نمونوں میں کلورین مطلوبہ مقدار کم پائی گئی ہے،نیوکراچی اور لائنزایریا سے 33 پانی کے نمونے حاصل کیے گئے تھے،شہر سے حاصل کیے جانے والے1500 پانی کے نمونوں میں سے 44 میں کلورین موجود نہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔