قائداعظم ٹرافی؛ ایچ بی ایل کی ٹیم چیمپئن بن گئی

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 9 دسمبر 2018
سوئی ناردرن سے فائنل ڈرا،پہلی اننگزکی برتری کام آ گئی۔ فوٹو؛ پی سی بی

سوئی ناردرن سے فائنل ڈرا،پہلی اننگزکی برتری کام آ گئی۔ فوٹو؛ پی سی بی

کراچی: ایچ بی ایل قائداعظم ٹرافی کا چیمپئن بن گیا جب کہ سوئی ناردرن گیس کیخلاف پانچ روزہ فائنل ڈرا ہوگیا۔

یوبی ایل گراؤنڈ پر پانچ روزہ فائنل کے آخری دن سوئی ناردرن گیس نے ایچ بی ایل کیخلاف 5 وکٹ 336رنز سے اپنی دوسری باری کو آگے بڑھایا، کپتان مصباح الحق  14 اور عمران خالد  41 رنز کے ساتھ  بیٹنگ کرنے کے لیے دوبارہ وکٹ پر آئے، مزید 2 وکٹیں کھوکر ایس این جی پی ایل نے 7 وکٹ پر 430 رنز بناکر اپنی اننگز ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

عمران خالد نے 48 گیندوں پر73 رنز کی جارحانہ اننگزکھیلی، مصباح الحق5 چوکوں کی مدد سے35 گیندوں پر 44 رنزبناکرناٹ آؤٹ رہے، عبدالرحمان نے 4 وکٹوں پر ہاتھ صاف کیا،263 رنزکے ہدف کا تعاقب کرنے کی بجائے بینک نے سست روی کے ساتھ  کھیل کر وکٹ پر رکنے کی حکمت عملی اپنائی جبکہ حریف بولرزوکٹیں گرانے کی کوشش کرتے رہے، جب 78.3 اوورز میں ایچ بی ایل کا اسکور6 وکٹوں پر 183 رنز تک پہنچا توامپائرز نے میچ ڈرا ہونے کا اعلان کردیا۔

پہلی اننگزمیں  سنچری جڑنے والے عمراکمل نے85 گیندوں پر52 رنز اسکور کیے اس میں 8 چوکے بھی شامل رہے، جمال انور نے 68 گیندوں پر31 رنز بنائے، بلاول بھٹی نے 34 رنز دیکر3 وکٹیں اڑائیں جبکہ افتخار احمد نے 18 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو ڈریسنگ روم واپس پہنچایا۔

قبل ازیں304 رنز کے جواب میں ایچ بی ایل کی ٹیم  نے اپنی پہلی باری میں 472 رنز  بنائے تھے، اس طرح پہلی اننگزمیں سبقت کی بنیادپرایچ بی ایل ٹرافی اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی۔

آخرمیں مہمان خصوصی پی سی بی کے ڈائریکٹرڈومیسٹک  کرکٹ ہارون رشید نے انعامات تقسیم کیے، اس موقع پرقومی سلیکٹرتوصیف احمد اورسابق ٹیسٹ کرکٹرندیم خان ودیگربھی موجود تھے۔

فاتح ٹیم کے کپتان عمران فرحت نے ٹرافی کے ساتھ 30 لاکھ روپے کا انعام وصول کیا جبکہ مصباح الحق نے رنراپ ٹرافی اور 20 لاکھ روپے کا انعام پایا،مین آف دی فائنل  عمراکمل کو ایک لاکھ روپے کا کیش ایوارڈ ملا، لاہور بلوز کے  اعزاز چیمہ 59 وکٹوں کے ساتھ بہترین بولر، کراچی وائٹس کے خرم منظور 886 رنز جوڑ کر بہترین بیٹسمین آف دی ایونٹ، پشاور ریجن کے گوہر علی  بیسٹ وکٹ کیپر اور غیرمعمولی پلیئرکی حیثیت سے 1،1لاکھ روپے انعام کے حقدار قرار پائے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔