میئر کراچی وسیم اختر نے شہر کو برباد کر دیا، استعفیٰ دیں، فاروق ستار

اسٹاف رپورٹر  اتوار 9 دسمبر 2018
چیف جسٹس سے اپیل کرتا ہوں کہ متاثرین سے ملیں اور دیکھیں کہ ان کے احکام کی آڑ میں کیا کیا جا رہا ہے، متحدہ رہنما۔ فوٹو: فائل

چیف جسٹس سے اپیل کرتا ہوں کہ متاثرین سے ملیں اور دیکھیں کہ ان کے احکام کی آڑ میں کیا کیا جا رہا ہے، متحدہ رہنما۔ فوٹو: فائل

کراچی:  ایم کیو ایم پاکستان کے سابق رہنما و بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ میئر کراچی وسیم اختر نے کراچی کے کاروبار کو برباد کردیا، وہ استعفیٰ دیں۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ میئر کراچی وسیم اختر کو کراچی کو آباد کرنے کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔ انھوں نے کراچی کے کاروبار کو برباد کردیا، دکانوں اور مکانوں کو بڑی تعداد میں مسمار کیے جانے کے بعد اب مگرمچھ کے آنسو بہائے جارہے ہیں، انکروچمنٹ ہٹانے کی آڑ میں جو کچھ ہورہا ہے وہ کراچی اور ملکی معیشت سے کھلواڑ ہے،عوام نے اپنی جمع پونجی سے گھر اور دکانیں بنائیں جنھیں مسمار کیا جارہا ہے، کراچی کے عوام مطالبہ کر رہے ہیں کہ میئر کراچی سے استعفیٰ لیا جائے،لوگ مجھے منع کر رہے تھے کہ وسیم اختر کو مئیرنہ بنایا جائے۔

انسداد دہشت گردی کے خصوصی عدالت میں سماعت کے بعد میڈیاسے گفتگومیں فاروق ستار نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی احکام کی آڑ میں لوگوں کو بے روزگار کیا جارہا ہے۔ وسیم اختر آپ کو کراچی بنانے کا ووٹ ملا تھا کراچی برباد کرنے نہیں۔ اب آؤ ووٹ لیکر دکھاوْ کراچی سے، دیکھتے ہیں عوام کیسے ووٹ دیتے ہیں۔ لوگوں سے کاروبار چھینا جارہا ہے، 5 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر ناجائز قبضہ ہٹائیں لیکن 50 سال سے قائم مارکیٹوں کو نہ ہٹایا جائے۔ تجاوازت پر تاجروں سے مل کر پالیسی بنانی چاہیے۔ جس غریب نے ایک گھر لیا وہ بھی خالی کرانے پر تلے ہوئے ہیں۔

فاروق ستار نے کہا کہ چیف جسٹس سے اپیل کرتا ہوں کے متاثرین سے ملیں اور دیکھیں کہ ان کے احکام کی آڑ میں کیا کیا جارہا ہے۔ لوگوں کو بے روزگار کرکے جرائم کو بڑھایا جارہا ہے۔ بغیر متبادل جگہ دیے رہائشی علاقوں سے اسکول خالی کرائے جارہے ہیں۔ کے ایم سی کے دستاویزات کے مطابق جو کرایے دار ہیں ان کو متبادل جگہ فراہم کی جائے۔

ایم کیو ایم پاکستان سینئر رہنما و سرپرست اعلی تنظیم بحالی کمیٹی ڈاکٹر فاروق ستار نے یوم شہدا کے موقع پر شہید انقلاب ڈاکٹر عمران فاروق کے گھر جا کر ان کے والدین سے ملاقات کی شہید انقلاب ڈاکٹر عمران فاروق سمیت تحریک کے تمام شہداؤں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جانیں دیں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔