کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ

ویب ڈیسک  اتوار 9 دسمبر 2018

کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

ڈیفنس، محمود آباد، کورنگی اور کلفٹن سمیت کراچی کے مختلف علاقوں میں  ہلکی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا جب کہ شہر کا موسم بھی خوشگوار ہوگیا۔

کراچی میں آج صبح ہی سے بادلوں نے ڈیرے جمائے ہوئے تھے اورسورج بھی آنکھ مچولی دکھارہا تھا جس کے باعث موسم صبح ہی سے انتہائی خوشگوارتھا، جبکہ آج شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب آج سے منگل تک ملک کے دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محمکہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ، ژوب، مالاکنڈ، ہزارہ، مردان، پشاور، کوہاٹ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، لاہور، ڈی جی خان ڈویژن میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔

اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ  جب کہ بنوں، ڈی آئی خان، ملتان، ساہیوال، بہاولپور اور سکھرمیں بھی  بارش کا امکان ہے۔

بالائی علاقوں سوات، چترال، کالام، مالم جبہ، اپردیر، ہزارہ ڈویژن، مری، گلیات، گلگت بلتستان، کشمیر اور پہاڑوں پر بھی برفباری کا امکان ہے۔  محکمہ موسمیات کے مطابق آج دن بھر ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں مطلع ابرآلود رہے گا جب کہ گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، لاہور، ساہیوال ڈویژن میں رات کے اوقات میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔