ضمنی انتخابات کیلیے کاغذات نامزدگی آج سے جمع ہونگے

اسٹاف رپورٹر / نمائندہ ایکسپریس  بدھ 3 جولائی 2013
سندھ میں قومی اور صوبائی اسمبلی کی3,3نشستوں پرضمنی الیکشن منعقدکیے جائیں گے. فوٹو: فائل

سندھ میں قومی اور صوبائی اسمبلی کی3,3نشستوں پرضمنی الیکشن منعقدکیے جائیں گے. فوٹو: فائل

کراچی / حیدرآباد: ملک بھرمیں 22اگست کوضمنی انتخابات کے انعقادکیلیے بدھ سے الیکشن کمیشن کے دفاترمیں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی وصولی کا آغازکیاجارہا ہے جس کا سلسلہ9جولائی تک جاری رہے گا.

کراچی میں قومی اسمبلی کی  ایک اورصوبائی اسمبلی کی2نشستوں پرضمنی انتخابات کاانعقاد کیاجائے گا،قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 254میں عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار صادق زماں خٹک اورپی ایس95میں آزاد امیدوار شکیل احمد کے قتل کے باعث11مئی کوعام انتخابات ملتوی کردیے گئے جبکہ21جون کوصوبائی اسمبلی کے حلقے پی ایس103میں ایم کیوایم کے رکن صوبائی اسمبلی  ساجد قریشی کے قتل کے بعدیہ نشست خالی ہوگئی تھی، تینوں نشستوں پر ضمنی انتخابات 22 اگست کو منعقد کیے جائینگے،جاری کردہ شیڈول کے مطابق  بدھ سے کاغذات نامزدگی کی وصولیابی کا سلسلہ شروع ہورہا ہے.

این اے 254اور پی ایس 95 میں عام انتخابات ملتوی ہوگئے تھے اس لیے ان دونوں نشستوں میں جو امیدوار 11 مئی کے انتخابات میں حصہ لینے کیلیے کاغذات نامزدگی جمع کراچکے ہیں انہیں  دوبارہ کاغذات جمع کرانے کی ضرورت نہیں تاہم نئے امیدواروں کو اپنے  کاغذات نامزدگی جمع کرانے ہونگے، ضمنی انتخابات کے شیڈول کے مطابق3تا 9جولائی کاغذات نامزدگی جمع کیے جائیں گے، 11تا 17جولائی تک کاغذات نامزدگی کی چھان بین کی جائیگی، 22جولائی تک اپیلیں دائر کی جائینگی، 29جولائی تک ٹریبونل دائرکردہ اپیلوں کا فیصلہ کرینگے، 30جولائی امیدواروں کی جانب سے دستبرداری کی آخری تاریخ ہو گی،31جولائی کو حتمی فہرست شائع کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔