کرپشن ملکی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، صدر مملکت

ویب ڈیسک  اتوار 9 دسمبر 2018

 اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی کا کہنا ہے کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے جو ملکی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

اسلام آباد میں یوم انسداد بدعنوانی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدرعارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے جو ملکی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، کرپشن براہ راست عام آدمی کی زندگی پر اثر انداز ہوتی ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : حکمرانوں کو بتادیا جس نے کرپشن کی اسے حساب دینا ہوگا، چیرمین نیب

عارف علوی نے کہا کہ قوم میں کرپشن کے خلاف شعور اجاگر کرنے کے لیے کچھ وقت لگا ہے جب کہ میں نے زندگی بھر قوم میں کرپشن کے خلاف شعور اجاگر کرنے کے حوالے سے کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں قانون پر عمل نہ ہونے کی وجہ سے منفی اثرات مرتب ہوئے تاہم اگر معاشرے میں خوف خدا ہو تو کسی بھی قانون یا عدالت کی ضرورت ہی نہیں رہے گی۔

صدرعارف علوی نے کہا کہ ملک سے اربوں ڈالر کرپشن کرکے باہر بھیجے گئے جو سوئس بینکوں میں پڑے ہیں جب کہ ہم 2،4 ارب ڈالر کے لیے بھیک مانگتے ہیں تاہم کسی بھی قیادت کی بنیاد سچائی اور امانت پر قائم ہے اور ہم نئے پاکستان کے لیے پرامید ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔