بھارتی بحری جہاز کو تباہ کرنے والی پاکستانی آبدوز ’ہنگور‘ کا پرومو جاری

ویب ڈیسک  اتوار 9 دسمبر 2018
ہنگور نے ایک بھارتی بحری جہاز کو تباہ اور دوسرے کو ناکارہ بنایا تھا۔ فوٹو : فائل

ہنگور نے ایک بھارتی بحری جہاز کو تباہ اور دوسرے کو ناکارہ بنایا تھا۔ فوٹو : فائل

اسلام آباد/ کراچی: پاک بحریہ نے 1971 میں بھارتی بحریہ کے جہازوں کو ناکوں چنے چبوانے والی آب دوز ’ہنگور‘ کی لازوال کامیابی کی یاد میں پرومو جاری کردیا ہے۔

9 دسمبر 1971 میں دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے والی آب دوز کی یاد میں آج ’ ہنگور ڈے‘ منایا جارہا ہے، اس حوالے سے پاک بحریہ نے ایک پرومو بھی جاری کیا جس میں نوجوانوں کی مہارت اور عزم و حوصلے کی لازوال کہانی بیان کی گئی ہے۔

پرومو میں جرات و بہادری کے تاریخی واقعے کی عکس بندی کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ پاکستانی آب دوز ہنگور نے بھارت کے بحری جہاز ککری کو سمندر برد اور کرپان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا تھا۔ یہ کارنامہ جنگِ عظیم دوئم کے بعد پہلی بار سر انجام دیا گیا تھا۔

آب دوز ہنگور کو 1971 میں پاکستان کی ساحلی سرحدوں کی نگرانی کے لیے تعینات کیا گیا تھا،9 دسمبر 1971 کو تار پیڈو میزائل سے لیس آب دوز ہنگور نے بھارت کے دو بحری جہازوں کو سرحد عبور کرتے دیکھا تو دشمن کو نشان عبرت بنا ڈالا اور بہادری کی نئی تاریخ رقم کی۔

ہنگور ڈے کی مناسبت سے میری ٹائم میوزیم کراچی میں بھی ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی وائس ایڈمرل عبید اللہ خان تھے۔ تقریب میں آب دوز ہنگور اور اس کے شیر دل عملے کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔