مریخ پر چلنے والی ہواؤں کی آواز کی پہلی ریکارڈنگ جاری

ویب ڈیسک  اتوار 9 دسمبر 2018
ناسا نے انسائٹ خلائی جہاز کی طرف سے بھیجی گئی ریکارڈ شدہ  مریخی آواز کی فائل جاری کی ہے (فوٹو: فائل)

ناسا نے انسائٹ خلائی جہاز کی طرف سے بھیجی گئی ریکارڈ شدہ مریخی آواز کی فائل جاری کی ہے (فوٹو: فائل)

پیساڈینا، کیلیفورنیا: ناسا کے جدید ترین خلائی جہاز نے حال ہی میں پہلی مرتبہ زمین کی جانب ’مریخ‘ کی آواز ریکارڈ کرکے ارسال کی ہے جو وہاں ہوا چلنے کی باعث پیدا ہورہی تھی۔

یکم دسمبر کو ناسا کو انسائٹ خلائی لیبارٹری کی جانب سے مریخی آواز کی فائل موصول ہوئی ہے۔ اگرچہ اس خلائی جہاز کو آواز ریکارڈ کرنے کے لیے ڈیزائن نہیں کیا گیا تھا بلکہ اس میں مریخی زلزلوں، فضائی تحقیق، ہوائی دباؤ اور موسم کا احوال معلوم کرنے والے جدید ترین آلات نصب کیے گئے ہیں تاہم آڈیو فائل بھی موصول ہوگئی ہے ذیل میں دی گئی ویڈیو ریکارڈنگ میں آواز آپ بھی سن سکتے ہیں۔

موصول شدہ آواز کی فائل خود مریخی ہواؤں کا شور نہیں بلکہ یہ انسائٹ پر لگے گول شمسی (سولر) پینلز سے ہوا کے ٹکرانے کے بعد پیدا شدہ ارتعاش کی صورت میں ریکارڈ ہوئی ہے۔ انسائٹ پر نصب جدید ترین ایس ای آئی ایس نظام میں دو حساس ترین زلزلہ پیما (سیسمومیٹر) نصب ہیں ان میں ایک مختصر مدت کے ارتعاشات محسوس کرنے والا سلیکن سینسر بھی لگا ہے جو 50 ہرٹز کی آواز محسوس کرسکتا ہے جو انسانی سماعت کے کم ترین درجے میں شامل ہے۔ سلیکن سینسر لندن کے امپیریل کالج نے تیار کیا ہے۔

انسائٹ سائنس ٹیم کے رکن ٹام پائک نے کہا کہ یہ ایک بہت بڑے کان کی طرح ہے۔ سولر پینلز کے اطراف لگے سینسر اور اس سے ٹکرانے والی آواز آسانی سے ریکارڈ ہوگئی ہے جو سننے میں کچھ عجیب بھی لگتی ہے۔ ناسا نے آواز کی فائل میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے اور اسے ویسے ہی جاری کیا ہے لیکن اسے سننے کے لیے ہیڈ فونز اور ووفر کی ضرورت ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔