ایف اے ٹی ایف کی سفارشات پر غیر منافع بخش تنظیموں کے گرد گھیرا تنگ

ویب ڈیسک  اتوار 9 دسمبر 2018
نان پرافٹ ایبل آرگنائزیشن غیر ملکی کرنسی میں فنڈز نہیں لے سکیں گی اور سیاسی سرگرمیوں پر پابندی ہوگی فوٹو:فائل

نان پرافٹ ایبل آرگنائزیشن غیر ملکی کرنسی میں فنڈز نہیں لے سکیں گی اور سیاسی سرگرمیوں پر پابندی ہوگی فوٹو:فائل

 اسلام آباد: حکومت نے ایف اے ٹی ایف کی سفارشات پر عمل درآمد کرتے ہوئے غیر منافع بخش تنظیموں کے گرد گھیرا مزید تنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دہشت گردی کی مالی امداد روکنے کے بین الحکومتی ادارہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی سفارشات پر عملدرآمد کے لیے پاکستان میں غیر منافع بخش تنظیموں کے گرد گھیرا مزید تنگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

حکومت نے غیر منافع بخش تنظیموں کے لیے نئے قواعد تیار کر لیے ہیں، ان کی سیاسی سرگرمیوں پر پابندی عائد کرنے اور انہیں کالعدم تنظیموں سے روابط نہ رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔ یہ تنظیمیں غیر ملکی کرنسی میں فنڈز بھی نہیں لے سکیں گی جبکہ فنڈز دینے اور لینے والوں کا تمام ریکارڈ رکھنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

نان پرافٹ ایبل آرگنائزیشن اپنے کام سے غیر متعلقہ کسی طرح کا سروے یا تحقیق بھی نہیں کرسکیں گی اور ملکی مفاد کے خلاف کسی قسم کی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گی۔ یہ تنظیمیں اپنے ملازمین کا بھی تمام ڈیٹا رکھنے کی پابند ہوں گی۔ احکامات کی خلاف ورزی کی صورت میں ان کا لائسنس منسوخ کردیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔