اسرائیل کا حزب اللہ کی دوسری سرنگ بھی تباہ کرنے کا دعویٰ

ویب ڈیسک  اتوار 9 دسمبر 2018
اسرائیل نے ایک ہفتے میں دوسری سرنگ کو تباہ کیا ہے (فوٹو : فائل)

اسرائیل نے ایک ہفتے میں دوسری سرنگ کو تباہ کیا ہے (فوٹو : فائل)

یروشلم: اسرائیل نے لبنان سے منسلک اپنی سرحد پر حزب اللہ کی دوسری سرنگ تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے لبنان سے منسلک اپنی سرحد میں ایک اور سرنگ کا کھوج لگایا ہے، یہ سرنگ لبنان سے اسرائیل میں حزب اللہ کے لوگوں کے داخلے کے لیے استعمال ہوتی تھی۔

اسرائیل فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دھماکا خیز مواد نصب کرکے سرنگ کو تباہ کردیا گیا ہے، رواں ہفتے تباہ کی گئی یہ دوسری سرنگ ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ حزب اللہ نے سرنگ کے ذریعے اسرائیل میں داخل ہونے کی کوششیں جاری رکھی ہوئی ہے۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ لبنانی سرحد کے نزدیک ایک ہفتے سے جاری سرچ آپریشن کے دوران حزب اللہ کی جانب سے بنائی گئی سرنگوں کو تباہ کیا جائے گا اور دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو بھی ختم کردیا جائے گا۔

تباہ ہونے والی سرنگیں دو میٹر چوڑی اور 200 میٹر طویل تھیں۔ اسرائیل اور لبنان کی بارڈر 120 کلومیٹر طویل ہے اور اس علاقے میں مزید سرنگیں ملنے کا امکان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔