پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حج معاہدہ 2019 طے پاگیا

ویب ڈیسک  اتوار 9 دسمبر 2018
معاہدے کے تحت حج کوٹے میں 5 ہزار افراد کا اضافہ کیا گیا ہے فوٹو : فائل

معاہدے کے تحت حج کوٹے میں 5 ہزار افراد کا اضافہ کیا گیا ہے فوٹو : فائل

 اسلام آباد: پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حج معاہدہ 2019 طے پاگیا جس کے تحت حج کوٹے میں 5 ہزار افراد کا اضافہ کیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں ایک تقریب کے دوران حج معاہدہ 2019 پر پاکستان اور سعودی وزراء نے دستخط کیے، معاہدے کے تحت پاکستان کے حج کوٹہ میں 5 ہزار افراد کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پاکستان سے آئندہ سال ایک لاکھ 84 ہزار 210 افراد حج ادا کر سکیں گے۔

اس کے علاوہ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں پاکستانی حجاج کو مرحلہ وار شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ابتدائی طور پر صوبہ سندھ کے 35 ہزار حجاج مستفید ہوں گے، منصوبے کے تحت حاجیوں کی تصدیق و امیگریشن کا عمل کراچی ایئرپورٹ پر ہوگا جب کہ معاہدے کی رو سے پاکستانی حجاج کو ای ویزہ دیا جائے گا۔

دوسری جانب سعودی حکام کے مطابق 2 ہزار ریال فیس خاتمے کا فیصلہ خادم الحرمین الشریفین سے مشاورت کے بعد ہوگا جب کہ زیادہ تر پاکستانی حجاج کو اولڈ منیٰ میں ٹھہرانے کی کوشش کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔