رانا ثنااللہ کا تمام جماعتوں پر مشتمل قومی حکومت بنانے کا مطالبہ

ویب ڈیسک  اتوار 9 دسمبر 2018
جمہوریت ڈی ریل نہ ہو اس لئے احتجاج نہیں کیا،رانا ثنااللہ 
 فوٹو:فائل

جمہوریت ڈی ریل نہ ہو اس لئے احتجاج نہیں کیا،رانا ثنااللہ فوٹو:فائل

فیصل آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ نے تمام جماعتوں پر مشتمل قومی حکومت بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت نااہل حکومت پاکستان پر مسلط ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق فیصل آباد میں رانا ثنااللہ کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اس وقت نااہل حکومت پاکستان پر مسلط ہے،حکومت کےوزیر آپس میں لڑ ررہے ہیں لہذا تمام جماعتوں پر مشتمل قومی حکومت بنائی جائے کیوں کہ قومی حکومت دو سال میں ملک کو سیدھا کردے گی۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ارسطو نے ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کردیا،اگر ڈالر 150 پر چلا گیا تو ملک کے لیے خطرہ بن جائے گا،انڈہ اور مرغی سے ملک کی معیشت بہتر کرنا صرف ایک مذاق ہے کیوں کہ  معیشت کو کٹا پال اور مرغی پال پالیسی سے نہیں ٹھیک کیا جا سکتا جب کہ عمران خان کی مرغی خود گندے انڈے دے رہی ہے۔

سابق وزیر قانون پنجاب کا کہنا تھا کہ عدالت وزرا کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا حکم دے چکی ہے، پنجاب کے سب سے بڑے ڈاکو پرویز الہیٰ کے خلاف بھی ریفرنس تیار ہے جب کہ  وزیر اعظم اور موجودہ وزرا ڈرگز کے زیر اثر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت ڈی ریل نہ ہو اس لئے احتجاج نہیں کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔