وسیم اخترمیں ہمت ہے تو کلفٹن کی بڑی دیواریں گرائیں، گورنر سندھ

اسٹاف رپورٹر  پير 10 دسمبر 2018
اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں گورنرسندھ کو نہیں بلایا گیا تو اچھا پیغام نہیں جائے گا، وفاقی وزیر فیصل واوڈا
 فوٹوفائل

اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں گورنرسندھ کو نہیں بلایا گیا تو اچھا پیغام نہیں جائے گا، وفاقی وزیر فیصل واوڈا فوٹوفائل

 کراچی:  گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہاہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کے نام پر غریبوں سے زیادتی کی گئی۔

چیف جسٹس سے آپریشن روکنے کی درخواست کریںگے، میئر کراچی وسیم اختر میں اگر ہمت ہے توکسی طاقتور کے خلاف کارروائی کرکے دکھائیں، انھوں نے کہاکہ وزیراعظم کا دورہ کراچی بہت کامیاب اور خوشگوار رہا، بزنس کمیونٹی نے مکمل اعتماد کا اظہار کیاہے۔گورنر ہاؤس میں وزیراعظم کے ایک روزہ دورہ کراچی کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے گورنر کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت اور وفاق کے درمیان کوئی تناؤ نہیں ہے، وزیراعلیٰ کو عزت سے بٹھایا گیا ان کی بات بھی سنی گئی، سندھ میں جاری منصوبے این ایف سی ایوارڈ کا حصہ ہیں۔

کے فورمنصوبے پر ہم نے طے کیا ہے کہ اسلام آباد میں اجلاس بلایا جائے۔ اجلاس میں وزیرتجارت اوردیگر اعلیٰ قیادت شریک ہوگی۔ عمران اسماعیل نے کہاکہ تجاوزات ہٹانے کے دوران زیادتیاں ہوئی ہیں غریبوں کے گھروں پر بلڈوزر چلانا کہاں کا انصاف ہے ہمت ہے تو وسیم اختر کسی طاقتور کے خلاف بھی کارروائی کرکے دکھائیں۔

سپریم کورٹ کے حکم کو لے کرانکرو چمنٹ کے نام پر ظلم کیا گیا، ہم نے اپیل کی ہے کہ اس پر نظرثانی کرلیں۔ اگر تجاوزات گرانے کا شوق ہے تو پہلے کلفٹن کی بڑی دیواریں گرائیں، پہلے بڑے سے شروع کریں پھر نیچے تک آئیں۔ انھوں نے کہاکہ ڈاک لیبر کے لوگوں کو بہکایا جارہا ہے ان کے جائز مطالبات کے لیے ان کے ساتھ ہیں۔ وفاقی وزیر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں گورنرسندھ کو نہیں بلایا گیا تو اچھا پیغام نہیں جائے گا،گورنر سندھ کا احترام کرنا چاہیے۔ انھوں نے کہاکہ گورنر ہاؤس کوسیاسی اکھاڑہ بنانے کے بجائے باہر سیاست کرناچاہتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔