فرانس میں ’ہمیں ٹرمپ چاہیے‘ کے نعرے لگ رہے ہیں، امریکی صدر کا مضحکہ خیز بیان

ویب ڈیسک  پير 10 دسمبر 2018
فرانسیسی وزیراعظم کی جانب سے قیمتوں میں اضافے کی معطلی کے اعلان کے باوجود مظاہرے جاری ہیں۔ فوٹو : فائل

فرانسیسی وزیراعظم کی جانب سے قیمتوں میں اضافے کی معطلی کے اعلان کے باوجود مظاہرے جاری ہیں۔ فوٹو : فائل

 واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ فرانس میں تیل کی قیمتوں میں اضافے پر جاری احتجاج میں مظاہرین  ’ہمیں ٹرمپ چاہیے‘ کے نعرے لگا رہے ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس میں تیل کی مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر مظاہرین وزیراعظم ایڈوارڈ فلپ کی یقین دہانیوں اور قیمتوں کو 90 دن کے لیے معطل کرنے کے اعلان پر راضی نہیں۔

پُرتشدد مظاہروں کا سلسلہ بدستور جاری ہے، پولیس اور مظاہرین کے درمیان تازہ جھڑپوں میں ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے، پولیس نے مزید 1700 مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔ جس کے بعد مظاہرین کا صدر ایمانیول میکرون کے مستعفی ہونے کا ایک نکاتی مطالبہ سامنے آیا ہے۔

اسی دوران فرانس میں جاری فسادات پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا جلتی پر تیل چھڑکنے والا بیان سامنے آیا ہے، امریکی صدر نے اپنی ایک ٹویٹ میں مضحکہ خیز دعویٰ کیا ہے کہ فرانس میں مظاہرین ’ہمیں ٹرمپ چاہیئے‘ کے نعرے لگا رہے ہیں۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ پیرس میں حکومت اور مظاہرین کے درمیان طے پانے والا معاہدہ سود مند ثابت نہیں ہوا، ملک بھر میں مظاہرین زائد قیمتیں ادا کرنے کو تیار نہیں۔

صدر ٹرمپ کو فرانس میں مظاہرین کی جانب سے اپنے حق میں نعرے لگانے سے متعلق غلط  فہمی دائیں بازو کے متحرک کارکن کی ایک ٹوئٹ سے ہوئی جس میں انہوں نے کہا کہ مظاہرین جو 3 نعرے بلند کر رہے ہیں ان میں سے ایک ’ہمیں ٹرمپ چاہیئے‘ بھی ہے۔

درحقیقت ٹرمپ اور ان کے حامیوں کو یہ غلط فہمی لندن میں امریکی صدر کی آمد پر استقبال کے لیے جمع ہونے والے ایک اجتماع کی ویڈیو دوبارہ وائرل ہونے سے ہوئی۔ اس ویڈیو میں ایک شخص ٹرمپ کی شکل کا ماسک لگائے ہوئے ہے اور استقبال کے لیے موجود افراد کے ہمراہ ہمیں ٹرمپ چاہیئے کے نعرے لگا رہا ہے۔

https://twitter.com/JS_1972/status/1005531659838611456

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔