دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے ہر کھلاڑی کا انتخاب سوچ سمجھ کرکیا ہے، چیف سلیکٹراقبال قاسم

ویب ڈیسک  بدھ 3 جولائی 2013
ڈراپ کئے گئے کھلاڑی کارکردگی دکھا کردوبارہ ٹیم میں جگہ بنا سکتے ہیں، اقبال قاسم  فوٹو: فائل

ڈراپ کئے گئے کھلاڑی کارکردگی دکھا کردوبارہ ٹیم میں جگہ بنا سکتے ہیں، اقبال قاسم فوٹو: فائل

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کی سیلکشن کمیٹی کے سربراہ اقبال قاسم کا کہنا ہے کہ دورہ ویسٹ انڈیز کے لئے قومی اسکواڈ میں شامل ہر کھلاڑی کا انتخاب  سوچ سمجھ کر کیا گیا ہے۔

لاہور میں قومی ٹیم کے اعلان کے موقع پر انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی خراب کارکردگی کی وجہ بیٹنگ لائن کا فلاپ ہوناتھا، پورے ایونٹ میں مڈل آرڈر بیٹنگ لائن مسلسل جدو جہد کرتی ہی نظر آئی ۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے انتخاب کے لئے 24 گھنٹے سے زائد دورانئے تک غور و خوض کیا گیا جس کے بعد سلیکشن کمیٹی، ٹیم کے قائدین اور دیگر افراد اعلان کردہ اسکواڈ پر متفق ہوئے لیکن جو کھلاڑی ٹیم میں جگہ نہیں بنا سکے وہ بہتر کارکردگی دکھا کر ایک بار پھر قومی ٹیم میں شامل ہوسکتے ہیں۔

اقبال قاسم کا کہنا تھا کہ کہ دورہ ویسٹ انڈیز کے لئے عمر اکمل کا انتخاب وکٹ کیپر بیٹسمین کی حیثیت سے کیا گیا ہے اگر یہ تجربہ کامیاب رہا تو وہ آئندہ بھی اسی حیثیت سے ٹیم میں شامل رہیں گے تاہم ان کے علاوہ محمد رضوان بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں جو مکمل طور پر وکٹ کیپر ہیں اور ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگی دکھا چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عبدالرزاق کی صلاحیتوں سے انکار نہیں لیکن ویسٹ انڈیز کی وکٹوں کی مناسبت سے شاہد آفریدی بہترین انتخاب ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔