اس وقت ایسا کوئی آل راؤنڈرزنہیں جوساتویں نمبرپربیٹنگ کیساتھ اوورز بھی کرائے، مصباح الحق

ویب ڈیسک  بدھ 3 جولائی 2013
چیمپئنز ٹرافی کے لئے منتخب کی گئی ٹیم ان ہی کھلاڑیوں پر مشتمل تھی جنہوں نے ماضی میں اچھی کارکردگی دکھائی،مصباح الحق  فوٹو : ایکسپریس

چیمپئنز ٹرافی کے لئے منتخب کی گئی ٹیم ان ہی کھلاڑیوں پر مشتمل تھی جنہوں نے ماضی میں اچھی کارکردگی دکھائی،مصباح الحق فوٹو : ایکسپریس

لاہور: دورہ ویسٹ انڈیز کے لئے ون ڈے سیریز میں قومی کرکٹ ٹیم  کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں کوئی بھی ایسا آل راؤنڈر نہیں جو ساتویں نمبر پر بیٹنگ بھی کرے اور اوورز بھی کرائے  اس کے علاوہ یہ بات بھی تشویشناک ہے کہ مقامی ٹورنامنٹس میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کی فٹنس عالمی کرکٹ کے لئے درکار معیار کے مطابق نہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ کسی بھی ایونٹ یا سیریز کے لئے تشکیل دی جانے والی ٹیم اچھی کارکردگی کی امید پر بنائی جاتی ہے، اس کے انتخاب میں بحیثیت کپتان ان کا بھی کردار ہوتا ہے، چیمپئنز ٹرافی کے لئے ٹیم بھی ان پر تھوپی نہیں گئی تھی ٹیم ان ہی کھلاڑیوں پر مشتمل تھی جنہوں نے ماضی میں اچھی کارکردگی دکھائی تاہم بدقسمتی سے وہ اتنے بڑے ایونٹ میں اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکے، جس کی وہ ذمہ داری قبول کرتے ہیں اور مستقبل میں بھی کرتے رہیں گے.

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ دورہ وسیٹ انڈیز کے لئے ٹیم تمام وسائل کو برائے کار لاتے ہوئے تشکیل دی گئی ہے،اس میں ہر کھلاڑی باہمی اتفاق سے ہی شامل کیا گیا ہے، انہیں امید ہے کہ ویسٹ انڈیز کی وکٹیں پاکستانی کھلاڑیوں کو مدد دیں گی اور ہم اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ٹیم ہمیشہ میدان میں فتح حاصل کرنے کے لئے اترتی ہے اور اس کے لئے صحیح جگہ صحیح کھلاڑی کے انتخاب کی کوشش کی جاتی ہے، سیریز میں یقینی فتح پر دیگر کھلاڑیوں کو موقع ملتا ہے اور جن نوجوانوں کو اپنی کارکردگی دکھانے کا موقع نہیں ملتا وہ ڈریسنگ روم سے بھی بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں اور یہ صرف پاکستان میں ہی نہیں ہر ٹیم میں ہوتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔