سابق وزیراعظم راجہ پرویز کیخلاف رینٹل پاور منیجر وعدہ معاف گواہ بن گئے

ویب ڈیسک  پير 10 دسمبر 2018
نیب نے راجہ پرویز کیخلاف ضمنی ریفرنس دائر کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا فوٹو:فائل

نیب نے راجہ پرویز کیخلاف ضمنی ریفرنس دائر کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا فوٹو:فائل

 اسلام آباد: سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کیخلاف رینٹل پاور پروجیکٹ میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔

مقدمے میں ملزم اور ساہیوال ملتان رینٹل پاور پروجیکٹ منیجر رانا امجد سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کیخلاف وعدہ معاف گواہ بن گئے جب کہ نیب نے راجہ پرویز کیخلاف ضمنی ریفرنس دائر کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

نیب نے احتساب عدالت میں رانا امجد کو گواہوں کی فہرست میں شامل کرنے کی درخواست دائر کرتے ہوئے کہا کہ رانا امجد کو ملزمان کی فہرست سے نکال کر گواہوں میں شامل کیا جائے۔ عدالت نے نیب کی درخواست منظور کرلی۔ عدالت نے نیب کو آئندہ سماعت تک ضمنی ریفرنس دائر کرنے کی ہدایت بھی کی۔ رانا امجد اس مقدمے کے ملزمان میں شامل تھے اور وعدہ معاف گواہ بننے کے بعد اب وہ استغاثہ کے گواہ بن گئے ہیں۔

رینٹل پاور کیس میں پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف سمیت تمام ملزمان پر سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے دور میں کرپشن اور عہدے کا غلط استعمال کرنے کے الزام ہے۔ راجہ پرویز اشرف نے بطور وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی کرائے کے بجلی گھروں کے منصوبوں کی منظوری دی تھی جس سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔