بھارتی فوج کشمیر میں جنسی زیادتی کو بطور ہتھیار استعمال کررہی ہے، شیریں مزاریں

ویب ڈیسک  پير 10 دسمبر 2018
کشمیر میں بھارتی افواج نے مظالم کے ریکارڈ توڑ دیے، شیری مزاری

کشمیر میں بھارتی افواج نے مظالم کے ریکارڈ توڑ دیے، شیری مزاری

اسلام آباد: وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑادی ہیں۔

انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج نے مظالم کے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں اور وادی میں بھارتی افواج خواتین کے ساتھ ریپ کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کررہی ہیں جب کہ پیلٹ گن کے استعمال سے بچے، بوڑھوں اور خواتین کو نشانہ بنایا گیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارتی فورسز کے ریپ کے متعدد کیسز ثبوتوں کے ساتھ رپورٹ ہو چکے ہیں، پوشپورہ اور کنان سمیت کئی دیہاتوں میں اجتماعی طور خواتین کے ساتھ زیادتی کی گئی، بدقسمتی سے گزشتہ حکومت میں ہم نے اقوام متحدہ کے کمیٹی کو کشمیر لانے کے لئے بہتر انتظامات نہیں کیے۔

شیریں مزاری نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کشمیر سے متعلق قرار دادوں پر فوری عمل در آمد کیا جائے،  اقوام متحدہ نے مشرقی تیمور کے لئے قراردادوں پر تو عمل کیا لیکن کشمیر سے متعلق ایسا نہیں ہوتا، ایک ایسے معاہدے کی ضرورت ہے جس کی بنیاد پر کشمیری عوام کو حق خودارادیت دیا جائے اور مسئلہ حل ہونے تک ہتھیار کا استعمال روکا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔