عزت سے چلے جانا کمزور ہو کر رہنے سے بہترہے، صدرآصف زرداری

ویب ڈیسک  بدھ 3 جولائی 2013
پیپلزپارٹی کے  دور حکومت میں ہر کسی کو اس کا حق دینے کی کوشش کی، صدر آصف زرداری    فوٹو: فائل

پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں ہر کسی کو اس کا حق دینے کی کوشش کی، صدر آصف زرداری فوٹو: فائل

اسلام آباد:  فاٹا کنونشن سے خطاب کے دوران صدر آصف زرداری نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ عزت سے چلے جانا کمزور ہو کر رہنے سے بہتر ہے۔

جمہوریت کے استحکام کے لیے فاٹا کے عوام کے کردار کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ایوان صدر میں ایک کنونشن منعقد کیا گیا جس میں قبائلی عمائدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی، کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف  زرداری نے کہا کہ جمہوریت کے لئے فاٹا کے عوام نے بہت قربانیاں دی ہیں جن کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی صرف فاٹا کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کا مسئلہ ہے تاہم فاٹا کے عوام نے تمام مشکلات کا بہادری سے مقابلہ کیا ہے اور اب علاقے میں امن قائم ہونا چاہئے۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں ہر کسی کو اس کا حق دینے کی کوشش کی، ہمیشہ سیاست کو عبادت سمجھا اور کوشش کی کہ شہید ذوالفقار بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کے خواب کو پورا کیا جاسکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ موجودہ اور آنے والی حکومتیں جمہوریت کی مضبوطی کے لئے کردار ادا کریں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔