ایمرجنگ ایشیا کپ؛ ناقص انتظامات پر مہمان کرکٹرز پھٹ پڑے

اسپورٹس رپورٹر  منگل 11 دسمبر 2018
یو اے ای کے پلیئرزنے سماجی رابطوں کی سائٹ پربھڑاس نکالی،پی سی بی پر تنقید۔ فوٹو: فائل

یو اے ای کے پلیئرزنے سماجی رابطوں کی سائٹ پربھڑاس نکالی،پی سی بی پر تنقید۔ فوٹو: فائل

لاہور: ایمرجنگ ایشیا کپ میں ناقص انتظامات پر مہمان کرکٹرز پھٹ پڑے جب کہ پچ کور کرنے کی مناسب سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے میچ روکنا پڑا۔

کراچی میں جاری ایمرجنگ ایشیا کپ میں ہانگ کانگ کی ٹیم نے31 اوورز میں 4وکٹ پر صرف 87رنز بنائے، یو اے ای کی ٹیم سیمی فائنل کھیلنے کی آس لگائے ہوئے تھی کہ بارش شروع ہوگئی جس کا سلسلہ نصف گھنٹے بعد ہی ختم ہوگیا لیکن پلاسٹک کورز ناکافی ہونے کی وجہ سے پانی اندر چلا گیا۔

گراؤنڈ اسٹاف نے پچ کو خشک کرنے کیلیے جتن کیے لیکن کامیابی حاصل نہ ہوئی،میچ ختم کرکے دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیدیا گیا، یوں یواے ای کے سیمی فائنل کھیلنے کے امکانات ختم ہوگئے، اسی وینیو پر ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان بھی موجود تھے لیکن وہ بھی کچھ نہ کرپائے۔

یواے ای کے کپتان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ کا سہارا لیتے ہوئے اپنی بھڑاس نکالی،ان کا کہنا تھا کہ منتظمین ٹورنامنٹ سے اس انداز میں باہر ہونے کا کرب نہیں سمجھ سکتے،ہمیں بڑے افسوس سے کہنا پڑرہا ہے کہ میدان میں ناقص سہولیات کے سبب ایونٹ میں ہمارا سفر تمام ہوگیا۔

لیفٹ آرم اسپنر احمد رضا نے کہا کہ نام نہاد ٹیسٹ وینیو پر کلب سطح کے کورز کی وجہ سے ہم4گھنٹے تک دھوپ میں بیٹھ کر پچ خشک ہونے کا انتظار کرتے رہے۔مڈل آرڈر بیٹسمین رمیز شہزاد نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کی وجہ سیکیورٹی نہیں دیگر ہیں۔

علاوہ ازیں ہیڈ کوچ ڈگ براؤن نے صورتحال کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم بہت اچھی پوزیشن میں تھے، مگر سارا دن پچ کو کھیلنے کے قابل بناتے گزر گیا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔