اسٹاک بروکرز پر لاگو ضوابط کم کرنے میں معاونت کا عندیہ

اسٹاف رپورٹر  منگل 11 دسمبر 2018
وزیرخزانہ نے چیئرمین پی ایس ایکس کی جانب سے دی جانے والی مختلف تجاویز سے اتفاق کیا۔ فوٹو: فائل

وزیرخزانہ نے چیئرمین پی ایس ایکس کی جانب سے دی جانے والی مختلف تجاویز سے اتفاق کیا۔ فوٹو: فائل

کراچی: وفاقی حکومت نے اسٹاک ایکس چینج میں ایکویٹی انویسٹمنٹ بڑھانے کے لیے اسٹاک بروکرز پرلاگو ریگولیشنز کوکم کرنے میں معاونت کا عندیہ دے دیا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خزانہ اسد عمر کے ساتھ پاکستان اسٹاک ایکس چینج کے چیئرمین سلمان ایس مہدی کی قیادت میں ایک وفد سے ملاقات میں اسٹاک بروکرز پرلاگو ریگولیشنز کوکم کرنے میں معاونت کا عندیہ دیا گیا۔ وفد میں عقیل کریم ڈھیی، عارف حبیب، جان محمد بورڈ اراکین ممبران اور بروکرز شامل تھے۔

دوران ملاقات وزیرخزانہ نے چیئرمین پی ایس ایکس کی جانب سے دی جانے والی مختلف تجاویز سے اتفاق کیا اورحصص کی خریدوفروخت پر صفر اعشاریہ 2 فیصد ایڈوانس کی شرح گھٹاکرصفراعشاریہ 1فیصد کرنے یا اسے یکسر ختم کرنے کی تجویز دی گئی جس پر وزیر خزانہ نے کہا کہ چونکہ یہ ایڈجسٹ ایبل ٹیکس ہے جس کی وجہ سے مجموعی محاصل میں اس کا کوئی خاص اثر نہیں پڑتا لہذا اسے ختم کرنے پر غورکیا جا سکتا ہے۔

اجلاس میں سرمائے کے نقصانات کو تین سال تک کیری فارورڈ کرنے کی چھوٹ، ہولڈن کمپنیوں کے انٹرکارپوریٹ ڈیویڈنڈ پر ٹیکسیشن کو متوازن بنانے، اگلے وفاقی بجٹ میں ریئل اسٹیٹ کی طرز پر حصص مارکیٹ کے لیے بھی کیپیٹل گینز ٹیکس کومتوازن بنانے کی تجاویز دی گئیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔