امریکا میں شدید برفباری، کئی ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ

ویب ڈیسک  منگل 11 دسمبر 2018
عمارتوں، شاہراؤں اور پہاڑوں نے سفید برفیلی چادر اوڑھ لی ہے۔ فوٹو : فائل

عمارتوں، شاہراؤں اور پہاڑوں نے سفید برفیلی چادر اوڑھ لی ہے۔ فوٹو : فائل

ورجینیا: امریکی ریاستوں جنوبی کیرولائنا اور ورجینیا میں شدید برفباری کے نتیجے میں ایک شہری ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ 

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاستوں کیرولائنا، ورجینیا اور جارجیا میں شدید برفباری کے باعث معمولات زندگی معطل ہوکر رہ گئیں۔ جنوبی کیرولائنا اور ورجینیا میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جب کہ مختلف حادثات میں ایک شہری ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

موسم کی خرابی اور شدید برفباری کے باعث ایک ہزار پروازیں منسوخ کردی گئیں، شاہراؤں پر ڈھائی فٹ تک برف ہے جس کے باعث ذرائع آمد و رفت معطل ہیں۔ بجلی کی ترسیل کا نظام ٹھپ ہوجانے کے باعث 5 لاکھ سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہیں۔ شہریوں کو بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

متاثرہ ریاستوں کے اسپتالوں میں عملے کی چھٹیاں منسوخ کرکے ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، میونسپل اور ریسکیو ادارے شاہراؤں سے برف ہٹا کر ٹریفک کو کلیئر کرایا جا رہا ہے۔ متاثرین کو ریلیف کیمپوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہی پمفلٹ بھی تقسیم کیے گئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔