موجودہ صورت حال نظام میں اصلاحات کا تقاضا کررہی ہے، چیف جسٹس

ویب ڈیسک  منگل 11 دسمبر 2018
خامیوں پر قابو پا کر ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں،چیف جسٹس فوٹو: فائل

خامیوں پر قابو پا کر ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں،چیف جسٹس فوٹو: فائل

 کراچی: چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کا کہنا ہے کہ موجودہ صورت حال نظام میں اصلاحات کا تقاضا کررہی ہے اور ہم خامیوں پر قابو پاکر ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔ 

کراچی میں سپریم کورٹ رجسٹری کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کے دوران چیف جسٹس نے کہا کہ عمارتیں ادارے نہیں ہوتے، اس عمارت میں بیٹھے لوگ انصاف کے تقاضے پورے کریں گے، صوبوں میں سپریم کورٹ رجسٹری کی ضرورت بڑھ گئی ہے ، کراچی میں سپریم کورٹ کی نئی عمارت کی اشد ضرورت تھی،  انصاف کرنے والے اداروں کو مضبوط کرتے ہیں۔

جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ زندگی میں کبھی مایوس نہیں ہوا، اس ملک کو اللہ تعالیٰ نے بےشمار نعمتیں عطا کی ہیں، موجودہ صورت حال نظام میں اصلاحات کا تقاضا کررہی ہے، ہم خامیوں پر قابو پاکر ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں، اس ملک کے لئے قربانی کا جذبہ سب سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ہمیں ڈیمز بنانے اور پانی کے استعمال میں احتیاط کی ضرورت ہے۔ ہمیں پانی کے مسئلے پر دیانتداری کے ساتھ کام کرنا ہے، وزیراعظم نے بھی کہا ہے 2025 میں پانی کےبحران کاشکار ہوسکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔