بچوں کو ڈوبنے سے بچانے والا انقلابی کالر

ویب ڈیسک  بدھ 12 دسمبر 2018
صرف تین سیکنڈ میں ایئربیگ جیسے غبارے کھول کر بچوں کو ڈوبنے سے بچانے والا کالر (فوٹو: اسمارٹ میڈک )

صرف تین سیکنڈ میں ایئربیگ جیسے غبارے کھول کر بچوں کو ڈوبنے سے بچانے والا کالر (فوٹو: اسمارٹ میڈک )

لتھوینیا: دنیا کے بعض حصوں میں ایک سے چار سال تک کے بچوں میں اموات کی بڑی وجہ پانی میں غرقابی ہے اور اسی لیے قیمتی جانوں کو بچانے کی غرض سے ایک انوکھا پلاسٹک کالر بنایا گیا ہے جو پانی میں جاتے ہی گاڑیوں کے ایئر بیگ کی طرح کھل جاتا ہے، انہیں ہوا بھری گیندیں کہنا زیادہ مناسب ہوگا یہ کالر گردن کے چاروں طرف غباروں کی طرح کھل کر بچے کو سطح آب تک لے آتا ہے۔

پاکستان کے مقابلے میں امریکا اور یورپ میں ہر گھر میں نہانے کے ٹب اور سوئمنگ پول ہونے کی وجہ سے بچوں کے ڈوبنے کا خطرہ قدرے زیادہ ہوجاتا ہے اور اسی لیے جدید کالر بنایا گیا ہے جسے ’دی بڈی لائف کالر‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اسے لتھووینیا کے ایک انجینئر نے ڈیزائن کیا ہے اور اس کا وزن صرف 120 گرام ہے۔

اگر اسے پہننے کے بعد بچہ پانی میں گرجائے تو عین اسی وقت سینسر تبدیلی کو محسوس کرلیتے ہیں اور صرف تین سیکنڈ میں کالر میں چھپے ایئربیگ کو کھول دیتے ہیں جو بچے کی گردن پانی سے باہر رکھ کر اسے سانس لینے اور دیکھنے میں مدد دیتے ہیں۔ اس کے اندر نمی کو محسوس کرنے والا ایک سینسر بھی نصب ہے۔

اب یہ کالر اسمارٹ میڈک کمپنی کے تحت فروخت کے لیے پیش کردیا گیا ہے اور یقینی طور پر یہ آلہ حادثاتی طور پر پانی میں گرنے والے بچوں کو بچانے میں انتہائی مددگار ثابت ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔