شمی کپور کو 1957 میں ناصر حسین کی فلم سے کامیابی ملی

کلچرل رپورٹر  بدھ 3 جولائی 2013
فلم ’دل دے کے دیکھو‘’جنگلی‘ شمع پروانہ‘ ’مجرم،’جانور، ’راجکمار‘اور ’انداز‘ کامیاب رہی۔ فوٹو: فائل

فلم ’دل دے کے دیکھو‘’جنگلی‘ شمع پروانہ‘ ’مجرم،’جانور، ’راجکمار‘اور ’انداز‘ کامیاب رہی۔ فوٹو: فائل

کراچی: بھارتی فلم انڈسٹری میں یوں تو بہت سے فلمی گھرانوں کی حکمرانی رہی ہے لیکن کپور خاندان کی حکمرانی اب تک سب پر حاوی ہے ۔

اب بھی کپور خاندان کے فنکار فلم انڈسٹری پر چھائے ہوئے ہیں،اداکار راج کپور کے بعدکپور خاندان اگر کسی فنکار نے شہرت حاصل کی تو وہ شمی کپور ہیں گو کہ ان کا فلمی کیرئیر ابتدا ء میں ناکامی سے دوچار ہوا، ان کی پہلی فلم’’جیون جیوتی‘‘ ناکام کیا ہوئی ان کی15فلمیں یکے بعد دیگر فلاپ ثابت ہوئیں۔ 1953میں’ ریل کا ڈبہ‘’ لیلی مجنوں‘اور 1955میں’’ ڈاکو‘‘،1956میں’’ رنگین راتیں‘‘ اور دیگران کی ناکام ترین فلمیں تھیں، لیکن1957میں فلمساز ہدایتکار ناصر حسین نے شمی کپور کو اپنی فلم’’ تم سا نہیں دیکھا‘‘ میں کاسٹ کیا یہ ان کی ہٹ فلم ثابت ہوئی اورانکو نئی زندگی مل گئی، جس کے بعد شمی کپور کی ایک اور بلاک بسٹر فلم’’دل دے کے دیکھو‘‘ تھی اس فلم آشا پاریکھ ان کی ہیروئن تھی یہ ایک رومانی فلم تھی اس میں شمی کپور پلے بوائے کے روپ میں نظر آئے شمی کپور کی پہلی رنگین فلم ’’جنگلی‘‘ تھی جو1961میں ریلیز ہوئی،جو سپر ہٹ ثابت ہوئی،اس فلم نے آمدنی کے حوالے سے ریکارڈ قائم کیا۔

اس فلم میں انھوں نے ایک بزنس میں کا کردار ادا کیا تھا جو گاؤں کی لڑکی کے عشق میں جنگلی ہوجاتا ہے، 15ناکام فلموں کے بعد قسمت شمی کپور پر اس قدر مہربان ہوئی کہ ان کی فلمیں تسلسل کے ساتھ باکس آفس پر کامیاب ہوتی چلی گئیں بلکہ ان کی وجہ سے بہت سی ان کی ہیروئن کو بھی شہرت حاصل ہوئی ان میں شرمیلا ٹیگور، سائرہ بانو، آشا پاریکھ نے پہلی مرتبہ شمی کپور کے ساتھ کام کیا اور ان کی قسمت کے دروازے کھلتے چلے گئے،شمی کپور کی ہٹ فلموں میں شمع پروانہ، میم صاحب،چور بازار، مجرم، رات کے راہی، چار دل چار راہیں، اجالا، کالج گرل، بسنت، سنگاپور، بوائے فرینڈ، پروفیسر، دل تیرا دیوانہ، واﷲکیا بات ہے، پیار کیا تو ڈرنا کیا، چائنا ٹاؤن، کشمیر کی کلی،بلف ماسٹر،جانور، اور راجکمار شامل ہیں، 1968 میں شمی کپور کو نرما چاری میں بہترین ادکاری پر فلم فئیر ایوارڈ دیا گیا۔

1950سے1970تک وہ ڈانسنگ ہیرو کے طور بے حد مقبول رہے، ان کی آخری ہٹ فلم ’’انداز‘‘ تھی، اس فلم میں انھوں نے لیڈنگ رول کیا،اس کے بعد ان کا ڈاؤن فال شروع ہوگیا، وجہ یہ تھی کہ انھوں نے اپنی صحت پر توجہ نہیں دی اور دن بدن ان کا وزن بڑھتا چلا گیا جسکے بعد انھیں فلموں میںکاسٹ کرنے کا سلسلہ ختم ہو گیا، 21اکتوبر1931کوممبئی میں پیدا ہونے والے شمی کپور نے 1955میںگیتا بالی سے شادی کرلی،ان سے ان کا افئیر چار ماہ تک جاری رہا،وہ ان سے عمر میں ایک سال بڑی تھیں،ان کا ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے فلم’’ تیسری منزل‘‘ کی شوٹنگ کے دوران گیتا بالی کا انتقال ہوگیا،جس کے بعد انھوں نے1969میں نیلا دیوی سے دوسری شادی کرلی جو گجرات کی شاہی خاندان سے تعلق رکھتی تھیں، شمی کپور انٹرنیٹ یوزر کمیونیٹی آف انڈیا کے چئیرمین تھے،انھیں 2006میں گردوں کا عارضہ لاحق ہوگیا،جس کی وجہ سے ہفتہ میں 3مرتبہ ان کا ڈائیلیسس ہوتا تھا، گردے فیل ہوجانے کی وجہ سے 14اگست 2011کو ان کا انتقال ہوگیا،ان کی عمر 79سال تھی، شمی کپور ان فنکاروں میں شامل تھے کہ ان کی زندگی میں بہت سے نشیب وفراز آئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔