200 خواتین سے لوٹ مار کرنیوالے گروہ کا سرغنہ زخمی حالت میں گرفتار

اسٹاف رپورٹر  بدھ 12 دسمبر 2018
ملزمان نے سیکڑوں خواتین کولوٹا، ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر، پولیس نے برآمد شدہ موبائل فونز مالکان کے حوالے کر دیے
فوٹو: فائل

ملزمان نے سیکڑوں خواتین کولوٹا، ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر، پولیس نے برآمد شدہ موبائل فونز مالکان کے حوالے کر دیے فوٹو: فائل

 کراچی: فیروزآباد پولیس نے خواتین سے لوٹ مار کرنے والے رکشاسوارگروہ کے سرغنہ اوراس کے ساتھی کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق فیروزآباد پولیس نے پی ای سی ایچ ایس بلاک تھری میں مقابلے کے دوران خواتین کولوٹنے والے گروہ کے سرغنہ محمد عمران ولد محمد یونس اور اس کے ساتھی عابد خان ولد بہادر خان کوگرفتار کرلیا۔عمران مقابلے میں زخمی ہوگیا، ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر نے ایس پی جمشید ریاض کے ہمراہ فیروزآباد تھانے میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ ان کا گروہ 4 ملزمان پرمشتمل ہے جس نے ساڑھے 4 سال کے دوران 200 سے زائد خواتین سے لوٹ مار کی۔

ملزمان اپنے ہمراہ کٹر بھی رکھتے تھے جس کی مدد سے وہ خواتین کی چوڑیاں اور زیورات کاٹ کراتار لیاکرتے تھے، غلام اظفرنے بتایا کہ ملزمان کی نشاندہی پر پولیس نے ضلع ملیر کے ایک مکان پر چھاپہ مار کر اسلحہ، 70 سے زائد خواتین سے چھینے ہوئے ہینڈ بیگ،50 قیمتی موبائل فونز، ساڑھے 3 لاکھ روپے ،لیپ ٹاپ،موٹر سائیکل اور وارداتوں میں استعمال کیا جانے والا رکشا برآمد کر لیا۔

ملزمان جیل جا چکے ہیں اورجیل میں ہی انھوں نے اپنا گروہ بنایا تھا جس کا ہدف صرف خواتین ہی ہوتی تھی، ملزمان زیادہ تر وارداتیں پی ای سی ایچ ایس، ٹیپو سلطان، کلفٹن، نرسری اورگلشن اقبال کے علاقوں میں کرتے تھے، پولیس نے متعدد وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کر لی ہیں۔ ملزمان کا ایک ساتھی جیل میں ہے۔

ایس ایس پی ایسٹ نے بتایاکہ کامیاب کارروائی پر ایڈیشنل آئی جی کراچی نے پولیس پارٹی کے لیے ایک لاکھ روپے انعام اور تعریفی اسناد د ینے کا اعلان کیا ہے، کانفرنس کے اختتام پرسی پی ایل سی ایسٹ اور ایسٹ پولیس کی جانب سے برآمد کیے گئے لاکھوں روپے مالیت 25 قیمتی موبائل فونز جن اصل مالکان کے حوالے کیے گئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔