’’مائی کراچی‘‘ نمائش 5 تا 7 جولائی ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگی

بزنس رپورٹر  جمعرات 4 جولائی 2013
تجارتی، معاشی،صنعتی ترقی کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہو گی، ہارون اگر صدر کراچی چیمبر۔  فوٹو فائل

تجارتی، معاشی،صنعتی ترقی کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہو گی، ہارون اگر صدر کراچی چیمبر۔ فوٹو فائل

کراچی: چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام 10ویں بین الاقوامی’’ مائی کراچی‘‘  نمائش 5 تا 7جولائی ایکسپو سینٹر کراچی میں منعقد ہوگی۔

نمائش کا مقصد دنیا بھر میں باالخصوص پاکستان اورباالعموم کراچی کا سافٹ امیج اجاگر کرنا اور یہاں دستیاب کاروباری مواقع سے آگاہ کرنا ہے۔ یہ نمائش کراچی کی تجارتی، معاشی اور صنعتی ترقی کے لیے اہم سنگ میل  ثابت ہو گی۔ یہ بات کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد ہارون اگر نے میڈیا کو نمائش کے بارے میں جاری تفصیلات میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی چیمبرآف کامرس کی’’ مائی کراچی ‘‘نمائش کو گزشتہ چند سالوں میں ملکی و غیر ملکی سطح پر زبردست پذیرائی حاصل ہو ئی ہے۔مقامی وغیر ملکی کمپنیوں نے نمائش میں شرکت کرکے اس ایونٹ کو معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں اہم قرار دیاہے۔

اس بار نمائش میں مقامی نمائش کنندگان کے علاوہ 100 سے زائد غیر ملکی نمائش کنندگان و تاجر شرکت کر رہے ہیں۔ ہارون اگر نے کہا کہ نمائش کی افتتاحی تقریب 4 جولائی کو مقامی ہوٹل میں منعقد ہو گی اور ایک اعلیٰ حکومتی شخصیت نمائش کا افتتاح کرے گی۔جمعہ 4 جولائی سے شروع ہو کر اتوار 7 جولائی کو اختتام پذیر ہو گی۔ تاجر وصنعتکار برادری کے علاوہ فیمیلز بھی صبح 10 بجے سے رات 10 بجے تک نمائش کا دورہ کرسکیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ پہلی ’’مائی کراچی‘‘نمائش کا آغاز سابق صدر کے سی سی آئی سراج قاسم تیلی نے اپنے دور صدارت میں 2004 میں کیا اور اس وقت قومی و بین الاقوامی سطح پر اسے بھرپورپذیرائی ملی۔

نمائش میں چھوٹے تاجران سے لیکر بڑی انڈسٹریز، ایف ایم سی جی سیکٹر، سروس سیکٹر، ملٹی نیشنل کمپنیاں، مالیاتی و فلاحی ادارے اپنی مصنوعات کی نمائش کریں گے۔ پاکستان کے کارپوریٹ اور پرائیویٹ سیکٹر کے علاوہ دوست ممالک سے سینکڑوں بین الاقوامی نمائش کنندگان کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق ’’مائی کراچی ‘‘ نمائش  کے 3 روز کے دوران تاجروں سمیت تقریباً 7 لاکھ افرادکی آمد متوقع ہے۔

نمائش میں بین الااقومی شرکا کے لیے خصوصی پویلین مخصوص کیا گیاہے جبکہ’’ میڈ ان پاکستان ‘‘ مصنوعات کی تشہیر اور خواتین کے لیے بھی خصوصی اسٹالز مختص کیے گئے ہیں۔  تھائی لینڈ اور انڈونیشیا کے شرکا اپنے قونصلیٹ جنرلز کے توسط سے کلچرل شو کا بھی انعقاد کریں گے۔ نمائش میں وزیٹرز کی دلچسپی و تفریح کے لوازمات کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے اور فوڈ کورٹ، بچوں کیلیے کھیلنے کی مخصوص جگہ بھی رکھی گئی ہے۔ویزیٹرزنمائش میں رعایتی نرخوں پر خریداری بھی کرسکیں گے۔ مائی کراچی نمائش کے بارے میں منفی پراپیگنڈے کو زائل کرنے میں بھی اہم کردار ادا کریگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔