سعودی حکومت کا حج کوٹے میں کمی کا فیصلہ درست ہے

عمیر علی انجم  جمعرات 4 جولائی 2013
اقدام سے گروپ آرگنائزرز کومالی نقصان کا سامنا ہوگا، ٹریول ایجنٹس آف پاکستان  فوٹو: فائل

اقدام سے گروپ آرگنائزرز کومالی نقصان کا سامنا ہوگا، ٹریول ایجنٹس آف پاکستان فوٹو: فائل

کراچی: چیئرمین ٹریول ایجنٹس آف پاکستان (ٹی اے اے پی) اور سندھ پرائیویٹ حج آرگنائزر کمیٹی نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ سعودی حکومت کا حج کوٹے میں کمی کا فیصلہ درست ہے۔

لیکن پاکستان کی وزارت مذہبی امور نے انصاف کے تقاضوں کو پورا نہیں کیا ہے اور حج کوٹے میں کٹوتی کا تمام بوجھ پرائیویٹ ٹورآپریٹرز پر ڈال دیا جو سراسر زیادتی کے مترادف ہے،اس اقدام کے نتیجے میں گروپ آرگنائزرز کو بھاری مالی نقصان کا سامنا ہوگا، انھوں نے کہا کہ مملکت سعودی عرب کا 20 فیصد حجاج میں کمی کا فیصلہ درست ہے، حرم کی توسیع کی وجہ سے یہ ایک دانشمندانہ فیصلہ ہے، ہم یہ وضاحت کرنا چاہتے ہیں کہ کچھ عناصر ایسا تاثر پیدا کر رہے ہیں کہ ہمارا احتجاج مملکت سعودی عرب کی حج کوٹے میں کٹوتی کے حوالے سے ہے۔

جبکہ ایسا نہیں ہے، ہمارا احتجاج وزارت مذہبی امور پاکستان کے اس فیصلے کیخلاف ہے کہ انھوں نے پوری 20 فیصد کٹوتی پرائیویٹ سیکٹر پر ڈال دی ہے، اصولی طور پر حج کوٹے کی تقسیم 50 فیصد گورنمنٹ اور 50 فیصد پرائیویٹ سیکٹر پر ہونی چاہیے تھی، اگر یہ کٹوتی مکمل طور پر پرائیویٹ سیکٹر پر ڈال دی گئی تو پرائیویٹ سیکٹر اپنے بک کیے ہوئے حجاج کے معاملات کے ساتھ شدید مالی بحران کا شکار ہوجائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔