ڈیل پوٹرو انجری کو پرے دھکیلتے ہوئے فتحیاب

اے ایف پی / اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 4 جولائی 2013
ومبلڈن: ڈیل پوٹرو گھٹنے کا معائنہ کروارہے ہیں، انھوں نے انجری سے نجات کے بعد مقابلہ جیت لیا۔ فوٹو: اے ایف پی

ومبلڈن: ڈیل پوٹرو گھٹنے کا معائنہ کروارہے ہیں، انھوں نے انجری سے نجات کے بعد مقابلہ جیت لیا۔ فوٹو: اے ایف پی

لندن: ومبلڈن کے مینز سنگلزکوارٹر فائنل میں جوآن مارٹن ڈیل پوٹرو نے انجری کو پرے دھکیلتے ہوئے ڈیوڈ فیرر کو قابو کرلیا۔

2011 کے چیمپئن نووک جوکووک دوسری مرتبہ آل انگلینڈ کلب ٹرافی جیتنے سے2 فتوحات کی دوری پر آ گئے، اینڈی مرے نے برطانوی امیدیں برقرار رکھتے ہوئے فرنانڈو ورڈاسکو کو ہرا دیا، جیرزی جینووک کسی بھی گرینڈ سلم کے سیمی فائنل میں پہنچنے والے پہلے پولش کھلاڑی بن گئے، انھوں نے یہ اعزاز ہم وطن لوکاس کوبوٹ کو مات دے کر حاصل کیا۔

تفصیلات کے مطابق جوآن مارٹن ڈیل پوٹرو نے اوپننگ گیم میں گھٹنے کی انجری کا شکار ہونے کے باوجود اسپینش فورتھ سیڈ ڈیوڈ فیرر کو 6-2، 6-4 اور 7-6 (7/5) سے شکست دیدی، یوایس اوپن میں 4 برس قبل فتح کے بعد یہ ڈیل پوٹرو کا پہلا گرینڈ سلم سیمی فائنل ہے۔ 2002 میں ڈیوڈ نالبندین کی پیروی کرتے ہوئے وہ ومبلڈن فائنل فور میں شامل ہونے والے دوسرے ارجنٹائنی پلیئر بنے۔

بدھ کو ایک اور کوارٹر فائنل میں  سربیا کے ٹاپ سیڈ نووک جوکووک نے ٹوماس برڈچ پر 7-6 (7/5),6-4 اور 6-3  سے غلبہ پا لیا، 2011 کے چیمپئن کو دوسری مرتبہ آل انگلینڈ کلب ٹرافی کے حصول کیلیے صرف 2 فتوحات کی ضرورت ہے، ان کا اب جوآن مارٹن ڈیل پوٹرو سے سامنا ہوگا، جوکووک نے مسلسل  13ویں مرتبہ گرینڈ سلم لاسٹ فور میں جگہ بنائی۔ برڈچ نے 2010 کے سیمی فائنل میں انھیں ہرا دیا تھا۔ اینڈی مرے نے برطانوی امیدیں برقرار رکھتے ہوئے اسپینش حریف کو ابتدائی دونوں سیٹس ہارنے کے باوجود قابو کر لیا، ان کی فتح کا اسکور4-6، 3-6، 6-1، 6-4، 7-5 رہا۔

جیرزی جینووک نے کوارٹر فائنل میں  لوکاس کوبوٹ کو  پہلا سیٹ7-5 سے ہارنے کے بعد اگلے دونوں سیٹس 6-4، 6-4 سے جیت کر قابو کیا، یوں وہ کسی بھی گرینڈ سلم کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرنے والے پولینڈ کے پہلے کھلاڑی بن گئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔