امریکا میں فیس بک کے ہیڈ کوارٹر میں بم کی اطلاع، پولیس کی دوڑیں لگ گئیں

ویب ڈیسک  بدھ 12 دسمبر 2018
فیس بک ہیڈ کوارٹر کی دو عمارتوں کو خالی کروالیا گیا۔ فوٹو : کے جی او

فیس بک ہیڈ کوارٹر کی دو عمارتوں کو خالی کروالیا گیا۔ فوٹو : کے جی او

سان فرانسسكو: امریکا میں فیس بک کے ہیڈ کوارٹر میں بم کی موجودگی کی اطلاع نے پولیس اور انتظامیہ کی دوڑیں لگا دیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا میں واقع فیس بک کے ہیڈ کوارٹر میں بم کی اطلاع موصول ہوئی جس پر ہیڈ کوارٹر انتظامیہ نے پولیس کو طلب کر کے ملازمین کو ریڈ الرٹ جاری کردیا۔

پولیس اور بم ڈسپوزل ڈپارٹمنٹ نے ہیڈ کوارٹر کی دو عمارتوں کو خالی کرا کے سرچ آپریشن کیا، اہلکاروں کو عمارتوں سے بم، بارودی مواد یا کوئی اور خطرناک مواد نہیں ملا۔ عمارتوں کو کلیئر کروا کر ملازمین کو دفاتر میں داخلے کی اجازت دے دی گئی۔

فیس بک ہیڈکوارٹر میں بم کی اطلاع نیویارک پولیس ڈپارٹمنٹ کے انسداد جرائم یونٹ کو بھی موصول ہوئی تھی جب کہ نامعلوم شخص نے فیس بک ہیڈکوارٹر کو بھی فون کرکے آگاہ کیا تھا۔

فیس بک ترجمان کا کہنا ہے کہ تمام ملازمین محفوظ ہیں اور عمارت کو بھی مکمل طور پر کلیئر کروایا جا چکا ہے، کسی ممکنہ حادثے سے بچ جانے پر خوشی ہے، اپنے ملازمین کی حفاظت کے لیے تمام اقدامات بروئے کار لائیں گے۔

نیویارک پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بم کی اطلاع دینے والے کی چھان بین کر رہے ہیں، جھوٹی اطلاعات کی روک تھام کے لیے مستقبل میں موثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے جس پر کام کیا جا رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔