منگیتر کو بے وقوف کہنے پر نوجوان کو جیل کی ہوا کھانی پڑ گئی

ویب ڈیسک  بدھ 12 دسمبر 2018
لڑکی نے ابوظہبی کی عدالت میں لڑکے کیخلاف مقدمہ درج کرایا تھا، فوٹو: فائل

لڑکی نے ابوظہبی کی عدالت میں لڑکے کیخلاف مقدمہ درج کرایا تھا، فوٹو: فائل

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات میں منگیتر کو واٹس ایپ پر مذاق میں بے وقوف (ایڈیٹ) کہنے والے شخص کو جیل ہوگئی۔

اماراتی میڈیا کے مطابق ایک نوجوان نے اپنی ہونے والی شریک حیات کو واٹس ایپ پر ’ایڈیٹ‘ کا پیغام بھیجا جس پر لڑکی نے سائبر کرائم ایکٹ کے تحت لڑکے کے خلاف مقدمہ درج کرادیا۔

ملزم نے عدالت میں موقف اپنایا کہ اس نے مذاق میں منگیتر کو بے وقوف کہا تاہم لڑکی نے اسے اپنی  توہین سمجھ لیا، عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزم کو 20 ہزار درہم یعنی ساڑھے سات لاکھ روپے پاکستانی اور 2ماہ قید کی سزا سنادی۔

واضح رہے کہ اماراتی قوانین میں سوشل میڈیا پر کوئی بھی ایسا مواد جو جارحیت پر مبنی ہو یا جس سے کسی کی توہین ہو اسے  شیئر کرنا سائبر کرائم ایکٹ کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے،  سائبر کرائم  ایکٹ کے تحت ملزم کو جیل اور ڈھائی لاکھ درہم جرمانے کی سزا دی جاسکتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔