منظور پشتین کو گلے لگانے کو تیار ہوں، شہریار آفریدی

ویب ڈیسک  بدھ 12 دسمبر 2018
مذہبی انتہاپسندی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا، وزیر مملکت برائے داخلہ فوٹو:فائل

مذہبی انتہاپسندی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا، وزیر مملکت برائے داخلہ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم ) کے رہنما منظور پشتین کو گلے لگانے کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے پہلے بڑے مگرمچھوں پر ہاتھ ڈالنے کی پالیسی بنائی ہے، اب سندھ کا پیسہ کسی کو نہیں کھانے دیں گے، جنوبی پنجاب کو محرومیاں دینے والوں کو کٹہرے میں کھڑا کریں گے، گلگت بلتستان کی محرومیاں دور کریں گے، شور مچانے والوں سے حساب لیں گے۔

شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ ریاست پاکستان بلوچستان کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو گلے لگانے کو تیار ہیں،  قبائلی علاقہ میں جلد امن ہوگا، چاہے کوئی ناراض ہو یا خوش میں منظور پشتین کو گلے لگاؤں گا اور اس کا ماتھا چوموں گا، سب پاکستانیوں کو عزت دیں گے ، مذہبی انتہاپسندی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا، جو آئین پاکستان کو چیلنج کریگا ریاست اس پر ہاتھ ڈالے گی۔

وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے مزید کہا کہ ہندوستان پاکستان کو مجبور نہ کرے ہم امن پسند ملک ہیں، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مسئلہ کشمیر دنیا کو بتایا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔