’’کاک ٹیل‘‘ کی نمائش عیدالفطر پر جاری رہیگی

کلچرل رپورٹر  اتوار 19 اگست 2012
’’ایک تھاٹائیگر‘‘پر پابندی سے ’’کاک ٹیل‘‘کی نمائش جاری رکھنے کافیصلہ کیا، ناصر اسماعیل۔ فوٹو: فائل

’’ایک تھاٹائیگر‘‘پر پابندی سے ’’کاک ٹیل‘‘کی نمائش جاری رکھنے کافیصلہ کیا، ناصر اسماعیل۔ فوٹو: فائل

لاہور: بالی وڈ اسٹار سیف علی خان اور دیپکا پڈوکون کی فلم ’’کاک ٹیل‘‘ کی نمائش عیدالفطر پر جاری رہیگی۔تفصیلات کے مطابق ’’کاک ٹیل‘‘ تیرہ جولائی کو ریلیز کی گئی تھی جسے پاکستان میں نمائش کرنے کے حقوق معروف ڈسٹری بیوٹرز اور سینما اونر ناصر اسماعیل نے حاصل کیے تھے۔

مذکورہ فلم نمائش کے پہلے روز سے بھارت ‘یورپ اورپاکستان سمیت پوری دنیا میں باکس آفس پر اپنی انفرادیت قائم رکھے ہوئے ہے۔عیدالفطر پر ناصر اسماعیل کے ادارے نے سلمان خان اور کترینہ کیف کی فلم ’’ایک تھا ٹائیگر‘‘ کے لیے تیاریاں کی ہوئی تھیں مگر مرکزی فلم سنسر بورڈ نے پاکستان مخالف پروپیگنڈہ ہونے پر اسے عام نمائش کا سنسر سرٹیفکیٹ جاری نہ کیا۔ جس پر زیرنمائش فلم ’’کاک ٹیل‘‘ کی نمائش کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ناصر اسماعیل نے ’’ایکسپریس‘‘کو بتایا کہ ’’کاک ٹیل‘‘ اپنے منفرد موضوع ‘کردارنگاری اور میوزک کی وجہ سے اتنے دن گزر جانے کے باوجود دیکھنے کی توجہ حاصل کیے ہوئے ہے۔ اس لیے عیدالفطر پر پاکستانی پنجابی اور انگریزی فلموں کے مقابلے میں کاک ٹیل کو لاہور ‘ کراچی ‘ فیصل آباد ‘ملتان ‘ سرگودھا اور گوجرانوالہ سمیت دیگر شہروں کے سنی پلیکس اور سینمائوں میں نمائش کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔انھوں نے کہا کہ ’’ایک تھا ٹائیگر‘‘ کے حقوق بھی پاکستان میں ہمارے پاس تھے مگر اس پر پابندی لگنے پر ’’کاک ٹیل‘‘ کی نمائش جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔