بشریٰ بی بی 2018 کے دوران پاکستان میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیت

ویب ڈیسک  بدھ 12 دسمبر 2018
عمران خان نے فروری 2018 میں بشریٰ بی بی سے شادی کی تصدیق کی تھی فوٹو: فائل

عمران خان نے فروری 2018 میں بشریٰ بی بی سے شادی کی تصدیق کی تھی فوٹو: فائل

لاہور: وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی 2018 کے دوران گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیت قرار پائی ہیں ۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق دنیا میں سب سے بڑے سرچ انجن گوگل نے 2018 میں سرچ کی گئی شخصیات کے حوالے سے رپورٹ شائع کردی ہے جس کے مطابق پاکستان میں رواں برس سب سے زیادہ سرچ کی گئی شخصیت وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی ہیں۔

بشریٰ عمران

رواں برس فروری میں عمران خان کی تیسری اہلیہ بننے والی  بشریٰ بی بی  پاکستان کی خاتون اول ہونے کے ساتھ ساتھ  ملک میں گوگل پرسرچ کئے جانے والوں میں بھی اول نمبر پر آئی ہیں۔

میگھن مارکل

امریکی اداکارہ میگھن مارکل اور برطانوی شہزادہ ہیری رواں سال مئی میں رشتہ ازدواج سے منسلک ہوئے، اور ٹویٹر پر شاہی خاندان کے آفیشل اکاؤنٹ سے 15 اکتوبر کو شہزادی میگھن مارکل کے امید سے ہونے کی خوشخبری سنائی گئی تھی۔ میگھن مارکل کو پاکستان میں دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ سرچ کیا گیا۔

میشا شفیع

میشا شفیع گلوکاری کے میدان میں تو کوئی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں کرسکیں تاہم گلوکار علی ظفر پر ہراسانی کے الزامات نے رواں سال میشا کو خبروں کی زینت بنائے رکھا، اور شاید یہی وجہ ہے کہ گوگل کی رپورٹ کے مطابق انہیں پاکستان میں گوگل پر سرچ کئے جانے والوں میں تیسرے نمبر پر جگہ ملی۔

ریحام خان

عمران خان کی دوسری بیوی بننے والی ریحام خان اپنی ازدواجی زندگی میں بری طرح ناکام ہوگئیں، جب کہ ان کی کتاب کو بھی وہ پذیرائی حاصل نہ ہوسکی جس کی انہوں نے امید لگا رکھی تھی، تاہم پاکستان میں گوگل پر سرچ کئے جانے والوں میں ان کا نمبر چوتھا ہے۔

سلویسٹر اسٹالون

ہالی ووڈ کے نامور اداکارسلویسٹر اسٹالون اپنی منفرد جسامت اور اداکاری کی وجہ سے دنیا بھر میں جانے جاتے ہیں، رواں برس 71  سالہ اداکار کی مرنے کی افواہیں بھی سوشل میڈیا پر گردش کرتی رہیں تاہم انہوں نے خود ٹویٹر پیغام میں اپنے مداحوں کو اپنی زندگی اور بہترین صحت سے آگاہ کیا۔ انہیں پاکستان میں گوگل پر سرچ کئے جانے والی شخصیات میں پانچواں نمبر ملا۔

سونالی باندرے

بھارت کی معروف و خوبرو اداکارہ سونالی باندرے نے اپنے مداحوں کو کئی سپرہٹ فلمیں دیں تاہم  ان دنوں وہ کینسر جیسے موذی مرض سے نبردآزما ہیں،  انہوں نے اپنی بیماری کے حوالے سے عوام کو خود بتایا۔ سونالی پر 1998ء میں فلم ’’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘‘ کی شوٹنگ کے دوران غیر قانونی طور پر کالے ہرن کے شکار کا بھی الزام ہے۔ سونالی  پاکستان میں سرچ کئے جانے والوں میں چھٹے نمبر پر ہیں۔

عاطف میاں

پاکستان میں گوگل پر سرچ کئے جانے والوں میں ساتویں  نمبر پر وزیرِاعظم کی بزنس ایڈوائزری کمیٹی میں شمولیت پر تنقید کا نشانہ بننے والے ماہرِمعیشت عاطف میاں ہیں۔

حنیف عباسی

مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی پاکستان میں سرچ کی گئیں ٹاپ ٹین شخصیات میں آٹھویں نمبر پرہیں، حنیف عباسی ان دنوں کوٹ لکھپت جیل میں ایفی ڈرین کیس میں عمرقید کی سزا کاٹ رہے  ہیں.

اقراء عزیز

ڈرامہ سیریل’’سنو چندا‘‘ کے ذریعے اقراعزیز کا شمار راتوں رات پاکستان کی صف اول کی اداکاراؤں میں ہونے لگا ہے، رپورٹ کے مطابق پاکستان میں سرچ کئے جانے والوں میں اقراء عزیز نویں نمبر پر ہیں۔

سنی لیون

بالی ووڈ کی بے باک اداکارہ سنی لیون اپنے فلمی کیرئیر میں بولڈ مناظر کی عکس بندی کے حوالے سے شہرت رکھتی ہیں اور اب تک بالی ووڈ میں متعدد فلموں میں کام کرچکی ہیں، سنی لیون کو پاکستان میں گوگل پر سرچ کرنے والوں نے دسویں نمبر پر جگہ دی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔