آئی ایم ایف کے کہنے سے پہلے ہی روپے کی قدرکم اور بجلی گیس کی قیمتیں بڑھائیں،وزیرخزانہ

ویب ڈیسک  بدھ 12 دسمبر 2018
امریکا چین کا سب سے بڑا مقروض ہے، اسد عمر، فوٹو: فائل

امریکا چین کا سب سے بڑا مقروض ہے، اسد عمر، فوٹو: فائل

 لندن: وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط اور ہدایات کا انتظار کیے بغیر خود ہی روپے کی قدر میں کمی اور بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی  کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں اسد عمر نے کہا کہ آئی ایم ایف اور حکومت کے درمیان کوئی اختلاف نہیں، ہم وہ سب کررہے ہیں جو ہمیں کرنے کی ضرورت ہے، عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف)  کی پابندیوں اور شرائط کے انتظار کی بجائے حکومت نے اپنے ابتدائی دنوں میں شرح سود میں اضافہ کیا، نئے ٹیکسز عائد کیے، بجلی اور گیس کی قیمتیں بڑھائیں اور روپے کی قدر میں کمی کی۔حکومت کی جانب سے یہ تمام اقدامات اور اس سے متعلق دیگر فیصلے معیشت کی بہتری کے لیے کیے گئے۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ پاکستان پر چینی قرضہ ملک کے مجموعی بیرونی قرضوں کا دس فیصد ہے، ہمیں چینی قرضے کی فکر ہونی چاہیے لیکن امریکا کو  چینی قرضے  کے حوالے سے زیادہ فکر مند ہونا چاہیے کیونکہ امریکا چین کا سب سے بڑا مقروض ہے۔

بلوچستان میں چینی منصوبوں سے متعلق تحفظات اور بد امنی سے متعلق اسد عمر کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کی سرگرمیاں وہاں لوگوں کا غصہ نہیں ہے بلکہ یہ اسپانسر دہشت گردوں کی سرگرمیاں ہیں جو پاکستان کے باہر سے مالی وسائل اور تربیت حاصل کرتے ہیں۔ ’بلوچستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے اور اس کے ذریعے سی پیک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سنجیدہ کوششیں ہیں اور اس پر کوئی اختلاف رائے نہیں ہے اور اس کی سربراہی بھارت کر رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔