سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ ہوئے تو ایوان نہیں چلے گا، (ن) لیگ

ویب ڈیسک  بدھ 12 دسمبر 2018
بدترین انتقامی کاروائیاں قانون، انصاف اور شفافیت کی دھجیاں اڑارہی ہیں، (ن) لیگ ۔ فوٹو: فائل

بدترین انتقامی کاروائیاں قانون، انصاف اور شفافیت کی دھجیاں اڑارہی ہیں، (ن) لیگ ۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) نے کہا ہے کہ خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ ہوئے تو ایوان نہیں چلے گا۔

مسلم لیگ(ن) کے صدر شہبازشریف کی زیرصدارت (ن) لیگ کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کی گرفتاری کے معاملے پر غورکیاگیا۔

اس موقع پر اجلاس میں کہا گیا کہ بدترین انتقامی کاروائیاں قانون، انصاف اور شفافیت کی دھجیاں اڑارہی ہیں، اگر خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ ہوئے تو ایوان نہیں چلے گا۔

واضح رہے گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے  خواجہ برادران کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست مسترد کردی تھی جس کے بعد سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کو نیب نے کمرہ عدالت سے گرفتار کرلیا تھا اور آج پیراگون سوسائٹی کیس میں احتساب عدالت نے خواجہ برادران کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔