حکومت شہباز شریف کو چیئرمین پی اے سی بنانے پر رضامند

ویب ڈیسک  جمعرات 13 دسمبر 2018

اسلام آباد: حکومت شہبازشریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بنانے پر رضا مند ہوگئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے حوالے سے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مشاورت ہوئی جس میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اس بات پر اتفاق کرلیا گیا ہے کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف ہی چیئرمین پی اے سی ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق حکومتی ٹیم، اپوزیشن سے ہونے والے مشاورت سے متعلق وزیراعظم کو آگاہ کرے گی جو اس حوالے سے حتمی فیصلہ کریں گے۔ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان یہ فیصلہ بھی ہوا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور کے آڈٹ پیراز کا جائزہ لینے کیلئے ذیلی کمیٹی بنائی جائے گی جس کا چیئرمین حکومت کے کسی نمائندے کو بنایا جائے گا۔

واضح رہے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین نامزد کرنے کا اختیار اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگراپوزیشن اپنی ضد پر قائم ہے تو حکومت پیچھے ہٹ جاتی ہے،  شہباز شریف پر نیب کیسز ہونے کی وجہ سے حکومت انہیں چیئرمین پی اے سی بنانے پر تیار نہیں تھی تاہم اب انہیں جس پر اعتماد ہو اسے چیئرمین بنادیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔