سرمایہ کاری کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو دورکیا جائے، وزیراعظم عمران خان

ویب ڈیسک  جمعرات 13 دسمبر 2018

اجلاس میں کاروباری افراد کودرپیش ٹیکسزاورپالیسی ایشوزپربھی بریفنگ دی گئی: فوٹو: فائل

اجلاس میں کاروباری افراد کودرپیش ٹیکسزاورپالیسی ایشوزپربھی بریفنگ دی گئی: فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ایک اجلاس کے دوران متعلقہ وزارتوں کو سرمایہ کاری کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت سرمایہ کاری سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں اسد عمر، فروغ نسیم ، اورعبدالزراق داؤد سمیت وفاقی وزرا و مشیران، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف اوراقتصادی ماہرین نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک میں سرمایہ کاروں کے لئے سازگارکاروباری ماحول کے فروغ اورسہولیات پرغورکیا گیا۔

اجلاس میں چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ کی کاروباری طبقے کی آسانیوں کے لئے اقدامات پربریفنگ دی گئی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں کاروباراورسر مایہ کاری کے لئے ماحول سازگاربنانے کے لئے ہنگامی اقدامات جاری ہیں، صوبائی سطح پرخصوصی اقتصادی زون کے قیام میں رکاوٹوں کو دورکیا جا رہا ہے، حکومتی پالیسیوں پر نجی شعبے کا اعتماد بحال کرنے کی کوششیں کررہے ہیں جب کہ اجلاس میں کاروباری افراد کودرپیش ٹیکسزاورپالیسی ایشوزپربھی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ ایسا ماحول بنایا جائے جس سے مقامی اوربیرونی سرمایہ کار راغب ہوں، سرمایہ کاری میں اضافہ کے لئے چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ جامع منصوبہ پیش کریں گے، سرمایہ کاری کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کے دورکیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔