اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ کی روک تھام کیلیے جامع پالیسیاں لارہے ہیں، وزیراعظم

ویب ڈیسک  جمعرات 13 دسمبر 2018

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ منی لانڈرنگ اور اسمگلنگ کو روکنے کے لیے پوری قوت سے کارروائی کرنے جارہے ہیں اور اس کے لیے تمام ایجنسیوں کواکٹھا کرکے جامع پالیسی لارہے ہیں۔

اسلام آباد میں پاکستان اکنامک فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ قومی غیرت کے لیے خود انحصاری لازمی ہے، میرا وژن ہے کہ پاکستان خود مختار ہو، ہاتھ پھیلانے والا ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، پیسے کمانا گناہ نہیں ہے، ناجائز طریقے سے پیسے کمانا گناہ ہے، ٹیکس چوری کرنا گناہ ہے، اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے پالیسیاں لارہے ہیں، منی لانڈرنگ اور اسمگلنگ کو ایک طرح سے ہی دیکھیں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری کے لحاظ سے پاکستان ایک بہترین ملک ہے جہاں سی پیک سمیت دیگر منصوبوں پر سرمایہ کاری کی جاسکتی ہے، ہمیں سرمایہ کاروں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے، سرمایہ کاروں کو مجرموں کی طرح پیش کرنے والے ترقی نہیں کرسکتے۔ چین نے 30 سال میں ستر کروڑ افراد کو غربت سے نکالا، ملک سے غربت ختم کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔ ہم برآمدات کو بڑھانے کے لیے بھرپور کوشش کریں گے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ ہم تاجر برادری کے مسائل حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ہم سرمایہ کاروں کے لیے آسانیاں پیدا کریں گے، ٹیکس پالیسی اور ٹیکس کلیکشن کو علیحدہ کردیاہے، وزیراعظم سیکریٹریٹ میں ایز آف ڈوئنگ بزنس ڈیسک بنے گا۔ جس کا مقصد سرمایہ کاروں کو مدد فراہم کرنا اورآسانیاں پیدا کرنا ہے۔ ہمیں سرمایہ کاروں سے مسلسل رابطے میں رہوں گا اور گاہے بگاہے ان سے تفصیلات حاصل کرتا رہوں گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔